پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

خالد محبوب کی غزلیں — Khalid Mahboob Ghazals

خالد محبوب کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ٹھوکر سے دوسروں کو بچانے کا شکریہ (غزل)

ٹھوکر سے دوسروں کو بچانے کا شکریہ

پتھر کو راستے سے ہٹانے کا شکریہ

اب یہ بتائیں آپ کی میں کیا مدد کروں

فرضی کہانی مجھ کو سنانے کا شکریہ

میرے بہت سے کام ادھورے نہیں رہے

اے دوست اتنے روز نہ آنے کا شکریہ

تنہا نہیں رہا ترے جانے کے بعد میں

کچھ اجنبی غموں سے ملانے کا شکریہ

اتنی خوشی ملی کہ سنبھالی نہیں گئی

دو چار لمحے مجھ پہ لٹانے کا شکریہ

محبوب تیرے ہجر میں کرتا ہوں شاعری

مجھ کو کسی ٹھکانے لگانے کا شکریہ

رقم اتنی اکٹھی ہو گئی تھی (غزل)

رقم اتنی اکٹھی ہو گئی تھی

مگر وہ چیز مہنگی ہو گئی تھی

ہم اتنی گرم جوشی سے ملے تھے

ہماری چائے ٹھنڈی ہو گئی تھی

تمہارے بعد جتنا روئے تھے ہم

طبیعت اتنی اچھی ہو گئی تھی

سمجھ کر ہم دوائی پی گئے تھے

تمہاری بات کڑوی ہو گئی تھی

پلٹ آنا ہی بنتا تھا وہاں سے

ہمارے ساتھ جتنی ہو گئی تھی

ہوئی تھی دیر سے ہم کو محبت

ہماری جلد شادی ہو گئی تھی

سبھی محبوب اٹھ کر جا رہے تھے

کہانی اتنی لمبی ہو گئی تھی

مزید غزلیں از خالد محبوب ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں