خالد خواجہ کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
چل مان لیا صاحب کردار نہیں ہوں (غزل)
چل مان لیا صاحب کردار نہیں ہوں
پر تیری طرح حاضر دربار نہیں ہوں
دشمن ہے مسافر تو اسے صاف بتا دو
دیوار ہوں میں سایۂ دیوار نہیں ہوں
اطراف میں ہر چیز کا ادراک ہے مجھ کو
خوابوں میں گھرا دیدۂ بے دار نہیں ہوں
خاموش ہی رہنا ہے مرے واسطے بہتر
میں آپ کا پیرایۂ اظہار نہیں ہوں
اب تو ہدف سنگ ملامت نہ بناؤ
اب تو میں سر کوچۂ دل دار نہیں ہوں
دل توڑنے والے کو خبر ہو کہ ابھی میں
سر تا بہ قدم اک دل بیمار نہیں ہوں
جدھر بھی جاؤں یہی سلسلہ نکلتا ہے (غزل)
جدھر بھی جاؤں یہی سلسلہ نکلتا ہے
تمہارے گھر کی طرف راستہ نکلتا ہے
میں ایک عمر سے ان دائروں کا قیدی ہوں
قدم جہاں بھی رکھوں دائرہ نکلتا ہے
میں آزمانے چلا ہوں جہاں پہ جنس خلوص
نظر نظر سے وہاں زہر سا نکلتا ہے
جو شخص جان سے پیارا ہو شیخ صاحب کو
قسم خدا کی وہی دہریا نکلتا ہے
تمہارے شہر میں کیا کر رہے ہیں میرے لوگ
گلی گلی سے مرا آشنا نکلتا ہے
وہی تو شہر ہے خالدؔ نقاب پوشوں کا
ہر آستیں سے جہاں آئنہ نکلتا ہے