پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

خالد کرار کی غزلیں — Khalid Karrar Ghazals

خالد کرار کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

بات یہ ہے کہ کوئی بات پرانی بھی نہیں (غزل)

بات یہ ہے کہ کوئی بات پرانی بھی نہیں

اور اس خاک میں اب کوئی نشانی بھی نہیں

یہ تو ظاہر میں تموج تھا بلا کا لیکن

یہ بدن میرا جہاں کوئی روانی بھی نہیں

یا تو اک موج بلا خیز ہے میری خاطر

یا کہ مشکیزۂ جاں میں کہیں پانی بھی نہیں

بات یہ ہے کہ سبھی بھائی مرے دشمن ہیں

مسئلہ یہ ہے کہ میں یوسف ثانی بھی نہیں

سچ تو یہ ہے کہ مرے پاس ہی درہم کم ہیں

ورنہ اس شہر میں اس درجہ گرانی بھی نہیں

سارے کردار ہیں انگشت بدنداں مجھ میں

اب تو کہنے کو مرے پاس کہانی بھی نہیں

ایک بے نام و نسب سچ مرا اظہار ہوا

ورنہ الفاظ میں وہ سیل معانی بھی نہیں

کسی کے خواب کو احساس سے باندھا ہوا ہے (غزل)

کسی کے خواب کو احساس سے باندھا ہوا ہے

بہت پختہ بہت ہی پاس سے باندھا ہوا ہے

ہمارے تخت کو مشروط کر رکھا ہے اس نے

ہمارے تاج کو بن باس سے باندھا ہوا ہے

سیاہی عمر بھر میرے تعاقب میں رہے گی

کہ میں نے جسم کو قرطاس سے باندھا ہوا ہے

مرے اثبات کی چابی کو اپنے پاس رکھ کر

مرے انکار کو احساس سے باندھا ہوا ہے

ہمارے بعد ان آبادیوں کی خیر کیجو

سمندر ہم نے اپنی پیاس سے باندھا ہوا ہے

سجا رکھی ہے اس نے اپنی خاطر ایک مسند

مرے آفاق کو انفاس سے باندھا ہوا ہے

عجب پہرے مرے افکار پر رکھے ہیں خالدؔ

عجب کھٹکا مرے احساس سے باندھا ہوا ہے

جلا رہا ہوں (نظم)

جلا رہا ہوں

کئی یگوں سے

میں اس کو خود ہی جلا رہا ہوں

جلا رہا ہوں کہ اس کے جلنے میں

جیت میری ہے مات اس کی

جلا رہا ہوں بڑے سے پنڈال میں سجا کر

مٹا رہا ہوں

مگر وہ

مرے ہی من کی اندھیر نگری میں جی رہا ہوں

وہ میری لنکا میں اپنے پاؤں پسارے بیٹھا

مجھے مسلسل چڑا رہا ہے

مزید غزلیں از خالد کرار ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں