خالد جمال کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
سفر تمام ہوا گرد جستجو بھی گئی (غزل)
سفر تمام ہوا گرد جستجو بھی گئی
تری تلاش میں نکلی تو آرزو بھی گئی
اک انتظار سا تھا برف کے پگھلنے کا
پھر اس کے بعد تو امید آب جو بھی گئی
طلب کی راہ میں ایسے بھی موڑ آئے ہیں
کہ حرف و صوت گیا شوخیٔ گلو بھی گئی
یہ برگ و بار کہاں جاذب نظر ٹھہرے
تمہارے بعد تو پھولوں سے رنگ و بو بھی گئی
کچھ ایسے خاک اڑائی ہے دشت ہو میں جمالؔ
کہ جذب شوق بھی تفریق ما و تو بھی گئی
یہ زمیں میری بھی ہے یہ آسماں میرا بھی ہے (غزل)
یہ زمیں میری بھی ہے یہ آسماں میرا بھی ہے
روز و شب کے کھیل میں سود و زیاں میرا بھی ہے
نا مرادی کے بھنور میں ایک تو ہی تو نہیں
ساحل امکاں پہ آخر امتحاں میرا بھی ہے
ماہ نو بس ایک تو ہی تو نہیں تیرے سوا
قریۂ شب میں چراغ جاں فشاں میرا بھی ہے
گونج اٹھی ہے زمیں تا آسماں امروز و شب
اس صدائے ہو میں اک حرف فغاں میرا بھی ہے
مزید غزلیں از خالد جمال ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں