پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

خالد اقبال تائب کی غزلیں — Khalid Iqbal Taib Ghazals

خالد اقبال تائب کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ختم کب ہوگا سفر مرنے کے بعد (غزل)

ختم کب ہوگا سفر مرنے کے بعد

اور ہوگا تیز تر مرنے کے بعد

وہ سمجھنا بھی سمجھنا کیا ہوا

لوگ سمجھیں گے مگر مرنے کے بعد

لاکھ دنیا میں ہو کوئی لکھ پتی

سب کا حاصل ہے صفر مرنے کے بعد

ایک ہی میدان میں لیٹے ہیں سب

کیا گدا کیا تاجور مرنے کے بعد

کس قدر بے چارگی میں ہیں پڑے

کیسے کیسے چارہ گر مرنے کے بعد

دوستوں میں منقسم ہو جائیں گے

کور چشم اور دیدہ ور مرنے کے بعد

پوچھتے ہیں یہ شاعری کیا ہے (غزل)

پوچھتے ہیں یہ شاعری کیا ہے

ہائے ایسی بھی سادگی کیا ہے

کیا کسی باغباں سے یہ پوچھا

پھول کیا شے ہے یہ کلی کیا ہے

یہ صبا کس بلا کا نام ہے اور

یہ ردا گل پہ شبنمی کیا ہے

فصل گل سے کبھی کیا دریافت

چار سو یہ ہری ہری کیا ہے

پوچھ لیتے کبھی دھنک سے کہ یہ

سات رنگوں کی ساحری کیا ہے

مزید غزلیں از خالد اقبال تائب ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں