پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

خالد حسن قادری کی غزلیں — Khalid Hasan Qadiri Ghazals

خالد حسن قادری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

وہ ایک شخص کہ جو ساتھ ساتھ پھرتا تھا (غزل)

وہ ایک شخص کہ جو ساتھ ساتھ پھرتا تھا

نظر جو بدلی تو پھر وہ نظر نہیں آیا

پھرا کیے ہیں چہل سال دشت وحشت میں

کسی کو یاد ترا رہ گزر نہیں آیا

بہت جتایا کسی نے کہ ساتھ ساتھ تھا وہ

ہمیں تو یاد کوئی ہم سفر نہیں آیا

کہا تھا شام سے پہلے ہی لوٹ آئے گا

ہمیں خیال رہا رات بھر نہیں آیا

تھکے ہوئے تھے بہت بیٹھ جاتے سائے میں

ہماری راہ میں کوئی شجر نہیں آیا

یہ راہ کوہ ندا ہے قدم نہ اپنے بڑھا

وہاں سے لوٹ کے کوئی بشر نہیں آیا

بہت حدود زمان و مکاں سے دور گئے

ہمیں تو راس کبھی بھی سفر نہیں آیا

نہیں کہ یاد پتا اس کو میرے گھر کا نہ تھا

تمام شہر میں گھوما ادھر نہیں آیا

مثال سایہ تھا وہ پھر بھی دور دور رہا

ہزار سال ہوئے لوٹ کر نہیں آیا

رہا رقیب سے حجت میں قادریؔ مصروف

مگر وہ لے کے تمہاری خبر نہیں آیا

بتوں سے کچھ نہ ہوا جو ہوا خدا سے ہوا (غزل)

بتوں سے کچھ نہ ہوا جو ہوا خدا سے ہوا

دوا سے کچھ نہ بنا جو ہوا دعا سے ہوا

بھرم درازئی دامان یار کا نہ رہا

عجیب کام مرے دست نارسا سے ہوا

دلوں کو صبر و سکوں تو نہ مل سکا لیکن

کوئی تو کام تری چشم با حیا سے ہوا

لگا دی آگ سی جنگل میں نابکاروں کے

یہ فائدہ تو مری آتشیں نوا سے ہوا

دلوں کو عشق نے بخشی حیات غم افزا

عجب نشانہ خطا تیر بے خطا سے ہوا

قلندروں نے الٹ دی بساط مے خانہ

نہ رند سے ہوا اور کچھ نہ پارسا سے ہوا

مخالفوں کی بھی جو دشمنی سے ہو نہ سکا

وہ کام اک مرے دم ساز و آشنا سے ہوا

نہ کچھ بھی کر سکے اصحاب فیل تھے تو بہت

جو کچھ ہوا ترے درویش بے نوا سے ہوا

گھٹن تو دل کی رہی قصر مرمریں میں بھی

نہ روشنی سے ہوا کچھ نہ کچھ ہوا سے ہوا

وہ ایک قتل کا الزام سر پہ تھا سو رہا

قصاص سے نہ ہوا کچھ نہ خوں بہا سے ہوا

مزید غزلیں از خالد حسن قادری ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں