خالد اقبال یاسر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
شاہ عالم کو سر عام سنا بیٹھا ہوں (غزل)
شاہ عالم کو سر عام سنا بیٹھا ہوں
میرے مولا تری چوکھٹ سے لگا بیٹھا ہوں
مجھے معلوم ہیں آداب نشست و برخاست
ترے دربار میں اک عمر اٹھا بیٹھا ہوں
اسی موسم کی تمنا تھی کئی برسوں سے
بادباں کھولنے تھے اور گرا بیٹھا ہوں
بھول جانا تھا جسے ثبت ہے دل پر میرے
یاد رکھنا تھا جسے اس کو بھلا بیٹھا ہوں
بات کیسے میں کروں آنکھ ملا کر اس سے
سامنے جس کے نگاہوں کو جھکا بیٹھا ہوں
واپسی کا کوئی رستہ نہیں ملتا یاسرؔ
کشتیاں اپنی میں پہلے ہی جلا بیٹھا ہوں
تعبیر سے محروم ترے خواب بہت تھے (غزل)
تعبیر سے محروم ترے خواب بہت تھے
سادہ سی کہانی تھی مگر باب بہت تھے
آ لگتی کنارے سے مری کشتیٔ جاں بھی
شاید کہ مرے پاؤں میں گرداب بہت تھے
بے نام ہوئے نام کی تکریم کے ہاتھوں
پہچانتا کیا کوئی کہ القاب بہت تھے
افسوس تموج انہیں ساحل پہ نہ لایا
انمول گہر ورنہ تہہ آب بہت تھے
ہر لحظہ بدلتی ہوئی رت بس میں نہیں تھی
جوبن پہ تھی برسات تو شاداب بہت تھے
کچھ ہم بھی بہت سے گئے نمناک ہوا میں
کچھ تم بھی تو آمادۂ ایجاب بہت تھے
ہم اپنے ہی پابند نہیں تھے کبھی یاسرؔ
اٹھ آئے کہ تقریب کے آداب بہت تھے