پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

خالد فتح پوری کی غزلیں — Khalid Fatehpuri Ghazals

خالد فتح پوری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

محبت کی علامت ہو گئی ہے (غزل)

محبت کی علامت ہو گئی ہے

یہ کس بے کس کی رحلت ہو گئی ہے

کوئی مقصد نہیں ہے زندگی کا

ہمیں جینے کی عادت ہو گئی ہے

ابھی تک کیوں یہ پتے ٹوٹتے ہیں

ہوا تو کب کی رخصت ہو گئی ہے

کوئی طاقت دبا سکتی نہیں اب

کہ ذہنوں میں بغاوت ہو گئی ہے

جسے میں قتل کر کے خوش ہوا تھا

ہر آئینہ وہ صورت ہو گئی ہے

گریباں میں عبث کیوں جھانکتے ہو

تمہیں کیسی یہ وحشت ہو گئی ہے

عبادت اک ضرورت سے تھی پہلے

ضرورت اب عبادت ہو گئی ہے

نہیں ہے دھیان اپنی زندگی کا

کہ اب بچوں سے الفت ہو گئی ہے

ہماری زندگی ہی کیا ہے خالدؔ

عزیزوں کی امانت ہو گئی ہے

زندگی ختم بھی ہونے پہ کسک باقی ہے (غزل)

زندگی ختم بھی ہونے پہ کسک باقی ہے

اجڑے گھر میں تری سانسوں کی مہک باقی ہے

میرے ہمدم مجھے بیداد سے محروم نہ کر

دامن روح میں زخموں کی تپک باقی ہے

مجھ کو دو چار گھڑی اور بھی جینے دیجے

سسکیوں کی ابھی زخموں میں سنک باقی ہے

آس کی شمع پگھلنے کو ہے اب تو آ جا

رات باقی ہے ستاروں میں چمک باقی ہے

میں کسی وعدہ فراموش کا آئینہ ہوں

میری آنکھوں میں ابھی اس کی جھلک باقی ہے

دل زخمی لئے بیٹھا ہوں عزیزان کرام

آؤ کچھ اور چھڑک دو جو نمک باقی ہے

مزید غزلیں از خالد فتح پوری ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں