پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

خالد بشیر احمد کی غزلیں — Khalid Basheer Ahmed Ghazals

خالد بشیر احمد کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

اتر گئے دریا میں پھر گہرائی کا اندازہ کیا (غزل)

اتر گئے دریا میں پھر گہرائی کا اندازہ کیا

حبس سے باہر جانا ہے تو کھڑکی کیا دروازہ کیا

کس دشمن لشکر کی نازک خوابوں پر یلغار ہوئی

بکھر گیا ہے اتنی جلدی بستی کا شیرازہ کیا

مدت سے جو بند پڑے تھے سارے دریچے کھول دئے

اب کمرے میں در آئیں گی دیکھو ہوائیں تازہ کیا

لمبی تان کے سونے والو تم کو جگانے کی خاطر

صور اسرافیل کی مانند آئے گا آوازہ کیا

یہ تو ہے کہ مثال بھی کوئی اپنے پیچھے رہ جائے

ورنہ سفر عشق میں کوئی غلطی کیا خمیازہ کیا

وفا کا دور ہے جب سے زوال آمادہ (غزل)

وفا کا دور ہے جب سے زوال آمادہ

یہ دل ہوا ہے زیادہ وصال آمادہ

عجیب رت میں گلوں پر بہار آئی ہے

پرند شوق کہ ہے انتقال آمادہ

بڑی لطیف تھی وہ بات جس کے سننے سے

لہو بدن میں ہوا ہے ابال آمادہ

کوئی سخن کوئی کوشش بھی کارگر نہ ہوئی

مزاج یار بہت ہے ملال آمادہ

گزر نہ جائیں انہیں روک لو کہ اب بھی ہیں

رفاقتوں کے لئے ماہ و سال آمادہ

مزید غزلیں از خالد بشیر احمد ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں