خالد اعظمی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
جب سے میرا مقدر خفا ہو گیا (غزل)
جب سے میرا مقدر خفا ہو گیا
میں وفادار سے بے وفا ہو گیا
میں نے ان کو بھلانے کی کھائی قسم
اور حق دوستی کا ادا ہو گیا
جس میں خود کو بچانے کی طاقت نہیں
آج کے دور میں وہ خدا ہو گیا
ہے لگی آگ نفرت کی چاروں طرف
دیکھتے دیکھتے کیا سے کیا ہو گیا
عادت مانوں گا تیرا کبھی میں نہیں
حق میں ان کے اگر فیصلہ ہو گیا
زندگی پہ اک احسان کر جائیے (غزل)
زندگی پہ اک احسان کر جائیے
آپ دل میں ہمارے اتر جائیے
دل کا دریا محبت سے لبریز ہے
اس میں غوطہ لگا کر نکھر جائے
اس زمانے کا کوئی بھروسہ نہیں
شام ہونے لگی اپنے گھر جائیے
زیست کی راہ دشوار ہے تو مگر
راہ ہستی سے ہنس کر گزر جائیے
میزبانی کا موقع مجھے بھی ملے
آج کی شب مرے گھر ٹھہر جائیے
ترے کرم کا کروں شکر کس طرح سے ادا (نظم)
ترے کرم کا کروں شکر کس طرح سے ادا
مری امید کو تو نے یقیں میں بدلا ہے
ترے قدم سے جو پر نور ہو گئی محفل
سبھی نے سوچا کی دھرتی پہ چاند اترا ہے
ترے نہ ہونے سے یاں کا عجیب منظر تھا
گماں گزرتا کہ محفل ہے سوز خوانی کی
بڑھے قدم جو ترے میری بزم کی جانب
فضا میں پھیل گئی عطر شادمانی کی
ترے رقیب کی طعنہ زنی کے ڈر سے صنم
پریشاں حال تھا دل اور بے قرار بھی تھا
مجھے یقین تھا آؤگی توڑ کر بندھن
تیری وفاؤں پہ اس درجہ اعتبار بھی تھا
مجھے ہے فخر ترے فیصلے پہ جان جگر
کہ تو نے میری محبت کی لاج رکھی ہے
زمانے بھر کے رواجوں کو توڑ کر تو نے
جہاں میں عشق و صداقت کی لاج رکھی ہے
بس ایک بار تجھے دیکھنے کی خواہش تھی
یہ رسم اجرا کی محفل تو اک بہانہ تھا
اگر تو آتا نہیں یار میری محفل میں
مجھے کتاب کے ہر لفظ کو جلانا تھا