پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

خالد انصاری کی غزلیں — Khalid Ansari Ghazals

خالد انصاری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ظالموں کی گرم بازاری کو ٹھنڈا کر دیا (غزل)

ظالموں کی گرم بازاری کو ٹھنڈا کر دیا

وہ عذاب آیا خدا کا سب کو سیدھا کر دیا

چند سکے میرے کاسے میں حقارت سے گرے

بس اسی احساس نے غیرت کو زندہ کر دیا

شہر کی فاقہ کشی نے میری آنکھیں کھول دیں

اس کو گاؤں کی زمیں داری نے اندھا کر دیا

بیچ ڈالا کس لیے بازار میں اپنا ضمیر

کون سی لالچ تھی جس نے تجھ کو مردہ کر دیا

برکتیں بھی اس نے بھیجیں گھر میں مہمانوں کے ساتھ

مختصر سے رزق میں رب نے اضافہ کر دیا

ظلم کے قدموں پہ جا کر رکھ دیا منصف نے سر

جھوٹ کی عظمت بڑھا دی سچ کو رسوا کر دیا

یہی سبب ہے کہ مجھ پر زوال آیا نہیں (غزل)

یہی سبب ہے کہ مجھ پر زوال آیا نہیں

حرام رزق کبھی زندگی میں کھایا نہیں

مرا یہ سر تری وحدانیت کا قائل تھا

کٹا دیا کسی دہلیز پر جھکایا نہیں

میں چاہتا تھا ملاقات کر کے گزروں گا

ترا مکان مری رہگزر میں آیا نہیں

ہر ایک طنز کو چپ چاپ سہ لیا اس نے

شریف تھا وہ کمینوں سے منہ لڑایا نہیں

بہت ذہین سمجھتا تھا خود کو وہ خالدؔ

کسی نے اس کو کبھی آئنہ دکھایا نہیں

مزید غزلیں از خالد انصاری ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں