پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

خالد علیگ کی غزلیں — Khalid Alig Ghazals

خالد علیگ کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

میں ڈرا نہیں میں دبا نہیں میں جھکا نہیں میں بکا نہیں (غزل)

میں ڈرا نہیں میں دبا نہیں میں جھکا نہیں میں بکا نہیں

مگر اہل بزم میں کوئی بھی تو ادا شناس وفا نہیں

مرے جسم و جاں پہ اسی کے سارے عذاب سارے ثواب ہیں

وہی ایک حرف خود آگہی کہ ابھی جو میں نے کہا نہیں

نہ وہ حرف و لفظ کی داوری نہ وہ ذکر و فکر قلندری

جو مرے لہو سے لکھی تھی یہ وہ قرارداد وفا نہیں

ابھی حسن و عشق میں فاصلے عدم اعتماد کے ہیں وہی

انہیں اعتبار وفا نہیں مجھے اعتبار جفا نہیں

وہ جو ایک بات تھی گفتنی وہی ایک بات شنیدنی

جسے میں نے تم سے کہا نہیں جسے تم نے مجھ سے سنا نہیں

میں صلیب وقت پہ کب سے ہوں مجھے اب تو اس سے اتار لو

کہ سزا بھی کاٹ چکا ہوں میں مرا فیصلہ بھی ہوا نہیں

مرا شہر مجھ پہ گواہ ہے کہ ہر ایک عہد سیاہ میں

وہ چراغ راہ وفا ہوں میں کہ جلا تو جل کے بجھا نہیں

کوئی ہنسائے تو ہنس دوں رلائے رو لوں میں (غزل)

کوئی ہنسائے تو ہنس دوں رلائے رو لوں میں

یہ زندگی ہے تو پھر اس سے ہاتھ دھو لوں میں

میں حرف حرف رہا ہوں صلیب و دار بدوش

تو پھر جو تو نے کہا ہے اسے بھی تولوں میں

جنہیں سلیقۂ اظہار آرزو ہی نہیں

وہ لوگ چاہتے یہ ہیں زباں نہ کھولوں میں

مرے خدا نے مجھے بولنا سکھایا ہے

تو پھر جو حرف یقیں ہے وہ کیوں نہ بولوں میں

سحر ہوئی تو یہاں سخت معرکہ ہوگا

ابھی تو رات کا پہلا پہر ہے سو لوں میں

یہ قوم مردہ پرستی کے فن میں ماہر ہے

یہ مجھ کو روئے گی کل آج اس کو رو لوں میں

حرم سے دور ہی کتنا ہے بت کدہ خالدؔ

اب آ گیا ہوں ادھر تو ادھر بھی ہو لوں میں