خلیل احمد کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
میری دھڑکن ہو زندگی ہو تم (غزل)
میری دھڑکن ہو زندگی ہو تم
کس لیے مجھ سے اجنبی ہو تم
وقت کی بے شمار گھڑیاں ہیں
اور مرے دل میں ہر گھڑی ہو تم
جس کو دیکھا ہے خواب میں اکثر
مجھ کو لگتا ہے بس وہی ہو تم
تم بظاہر تو دور رہتی ہو
ایسا لگتا ہے پاس بھی ہو تم
کس لئے مجھ سے روٹھ جاتی ہو
میرے آنگن کی چاندنی ہو تم
وقت بدلا تو تم بھی بدلے ہو
پر مرے دل میں آج بھی ہو تم
مجھ کو تڑپاؤ یا کہ پیار کرو
حال دل کا تو جانتی ہو تم
پہلے مجھ کو گنوا دیا تم نے
اب خیالوں میں ڈھونڈھتی ہو تم
اب اکیلا نہیں خلیلؔ کے ساتھ
یاد تیری کبھی کبھی ہو تم
کوئی تو چاہیے ہم کو سہارا تیرے بعد (غزل)
کوئی تو چاہیے ہم کو سہارا تیرے بعد
اداس اداس رہا شہر سارا تیرے بعد
جو آسماں پہ ہمارے لیے چمکتا تھا
وہ مجھ سے روٹھ گیا ہے ستارہ تیرے بعد
لگا کے زخموں پہ مرہم تمہاری یادوں کا
کچھ ایسے دل کو مری جاں سنوارا تیرے بعد
تو ساتھ تھا تو میں سب جھیلتا تھا دنیا کو
کسی کے ناز کروں کیوں گوارہ تیرے بعد
ہزاروں لوگ مرے خیر خواہ تھے لیکن
کسی کو بھی نہیں میں نے پکارا تیرے بعد
خلیلؔ اپنے مقدر میں اب خوشی ہی نہیں
میں ہر کسی سے لڑا اور ہارا تیرے بعد