پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

خاکی حیدرآبادی کی غزلیں — Khaki Hyderabadi Ghazals

خاکی حیدرآبادی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

چاند نکلا ہے رات آئی ہے (غزل)

چاند نکلا ہے رات آئی ہے

تم بھی آؤ تو کیا برائی ہے

آنکھ ساقی نے پھر ملائی ہے

پھر سے توبہ کی موت آئی ہے

ہوش آنے لگا ہے پھر مجھ کو

چشم مے گوں تری دہائی ہے

زاہدوں نے بھی آج مے پی لی

کیونکہ کالی گھٹا جو چھائی ہے

عشق صادق نے جان دے دے کر

حسن کی زندگی بڑھائی ہے

ذرے ذرے میں حسن ہے لیکن

عشق کی چار سو خدائی ہے

دل میں جب تک ہے بات اپنی ہے

منہ سے نکلی تو پھر پرائی ہے

جان لے جاؤ غم نہ لے جاؤ

عمر بھر کی یہی کمائی ہے

خود سے خاکیؔ نہ تیرے پاس آیا

خواہش دید کھینچ لائی ہے

رکھنا قدم یہاں تو ذرا دیکھ بھال کے (غزل)

رکھنا قدم یہاں تو ذرا دیکھ بھال کے

بعد عروج آتے ہیں دن بھی زوال کے

کیجے نہ آپ ہم سے کبھی طنزیہ سوال

ورنہ جواب ہوں گے کئی اک سوال کے

میں بھی تو آدمی ہوں کوئی جانور نہیں

کیوں دیکھتے ہو مجھ کو تم آنکھیں نکال کے

کچھ تو خطا ضرور ہوئی آج آپ سے

کیونکے جبیں پہ قطرے ہیں کچھ انفعال کے

رک جاؤ ورنہ دیکھ لو پچھتاؤ گے سدا

یوں جاؤ گے جو آج مری بات ٹال کے

خوشیوں کے پیچھے بھاگنے والو سنو سنو

خوشیاں نہ مل سکیں گی سوائے ملال کے

چرچے کسی کمال کے ہوتے ہیں خود بخود

قصے بیاں نہ کیجئے اپنے کمال کے

خاکیؔ کو بے سبب نہ کرو مشتعل کبھی

انجام بھی برے ہیں برے اشتعال کے

مزید غزلیں از خاکی حیدرآبادی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں