خادم رزمی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
آن پہنچے ہیں یہ کہاں ہم لوگ (غزل)
آن پہنچے ہیں یہ کہاں ہم لوگ
اب زمیں ہیں نہ آسماں ہم لوگ
کل یقیں بانٹتے تھے اوروں میں
اب ہیں خود سے بھی بد گماں ہم لوگ
کن ہواؤں کی زد میں آئے ہیں
ہو گئے ہیں دھواں دھواں ہم لوگ
چپ تو پہلے بھی جھیلتے تھے مگر
اس قدر کب تھے بے زباں ہم لوگ
کب میسر کوئی کنارہ ہو
کب سمیٹیں گے بادباں ہم لوگ
بن گئے راکھ اب نجانے کیوں
تھے کبھی شعلۂ تپاں ہم لوگ
ہم کو جانا تھا کس طرف رزمیؔ!
اور کس سمت ہیں رواں ہم لوگ
خیال و خواب میں دیوار و در بھی ساتھ رکھو (غزل)
خیال و خواب میں دیوار و در بھی ساتھ رکھو
مسافرت میں رہو اور گھر بھی ساتھ رکھو
عجب نہیں کہ شہادت طلب کرے منزل
کرو پڑاؤ تو گرد سفر بھی ساتھ رکھو
زر و گہر سے بھی بنتی ہیں قامتیں لیکن
کوئی سلیقۂ عرض ہنر بھی ساتھ رکھو
ہم ایسے لوگ پس گفتگو بھی جانتے ہیں
ہمیں ملو تو خلوص نظر بھی ساتھ رکھو
کچھ اس لیے بھی وہ سیلاب بھیج دیتا ہے
کہ بستیوں میں رہو اور کھنڈر بھی ساتھ رکھو
کڑی ہے دھوپ تو خوابوں میں ہی سہی رزمیؔ
ہری رتوں کے گھنیرے شجر بھی ساتھ رکھو