پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

خاور جیلانی کی غزلیں — Khaavar Jilani Ghazals

خاور جیلانی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

چلتے چلتے راہوں سے کٹ جانا پڑتا ہے (غزل)

چلتے چلتے راہوں سے کٹ جانا پڑتا ہے

ہوتے ہوتے منظر سے ہٹ جانا پڑتا ہے

دیکھنا پڑ جاتا ہے خود کو کر کے ایک تماشائی

اپنی دھول اڑا کر خود اٹ جانا پڑتا ہے

خطاطی سے دور بھٹکنے والے سوچ کے دامن کو

کورے کاغذ کے ہاتھوں پھٹ جانا پڑتا ہے

سازینہ جب قدم بڑھاتا ہے اس کی پازیبوں کا

کانوں کو جھنکار کی آہٹ جانا پڑتا ہے

خواہش مر جائے تو اس کی چتا کو آگ دکھانے میں

دھڑکن دھڑکن دل کے مرگھٹ جانا پڑتا ہے

تاب نہیں ہو جس میں کانچ کو ریزہ ریزہ کرنے کی

اس پتھر کو ٹکڑوں میں بٹ جانا پڑتا ہے

خود کے متلاشی کو ایک نہ اک دن آخر کار اپنے

بھولے بسرے ہوئے کی چوکھٹ جانا پڑتا ہے

سچائی وہ جنگ ہے جس میں بعض اوقات سپاہی کو

آپ مقابل اپنے ہی ڈٹ جانا پڑتا ہے

اک چنگاری آگ لگا جاتی ہے بن میں اور کبھی

ایک کرن سے ظلمت کو چھٹ جانا پڑتا ہے

بات ریاکاری کے بن بن پاتی نہیں ہے خاورؔ

اس دوزخ میں کروٹ کروٹ جانا پڑتا ہے

بہتر کی گنجائش باقی رہ جاتی ہے (غزل)

بہتر کی گنجائش باقی رہ جاتی ہے

کمی کہیں پوشیدہ کوئی رہ جاتی ہے

من چاہی تصویر بنانے میں مجھ سے

ہنر وری میں کچھ کوتاہی رہ جاتی ہے

سیلاب آ جانے پر اس بستی کی

ساری پختہ کاری کچی رہ جاتی ہے

بننے والی بات وہی ہوتی ہے وہ جو

بنتے بنتے یکسر بنتی رہ جاتی ہے

رہ جاتی ہے آتے آتے آتی ساعت

ہونی ہوتے ہوتے ہوتی رہ جاتی ہے

وقت گزر جاتا ہے لیکن دل کی رنجش

دل میں بیٹھی کی بیٹھی ہی رہ جاتی ہے

چلتے رہ جاتے ہیں روز و شب کے دھندے

گنگا الٹی سیدھی بہتی رہ جاتی ہے

پھانک لیے جانے کو خاک مسافت کی

راہوں پر ہی چھانی پھٹکی رہ جاتی ہے

آ جاتی ہے برہا اور دلہنیاں چھت پر

اپنے گیلے بال سکھاتی رہ جاتی ہے

مزید غزلیں از خاور جیلانی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں