پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

کیول کرشن رشیؔ کی غزلیں — Kewal Krishan Rishi Ghazals

کیول کرشن رشیؔ کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

مختصر سی وہ ملاقات بہت اچھی تھی (غزل)

مختصر سی وہ ملاقات بہت اچھی تھی

چند لفظوں میں ڈھلی بات بہت اچھی تھی

لمحہ لمحہ کسی امید پہ جب گزرا تھا

دن بہت خوب تھا وہ رات بہت اچھی تھی

بے قراری ہی میں جب دل کو قرار آتا تھا

ہائے وہ شدت جذبات بہت اچھی تھی

حسن کے رنگ تھے ہر پہلو نمایاں جس میں

اپنی تصویر خیالات بہت اچھی تھی

آنکھیں بھر آئی تھیں ملتے یا بچھڑتے ان سے

دونوں وقتوں کی وہ برسات بہت اچھی تھی

چاہنا بھی انہیں اور منہ سے نہ کچھ بھی کہنا

دل کی خاموش مناجات بہت اچھی تھی

لب پہ آ جاتی تو کچھ اور بھی اچھا تھا رشیؔ

آپ کے دل میں جو تھی بات بہت اچھی تھی

فقط جذبات کو ہلچل نہ دینا (غزل)

فقط جذبات کو ہلچل نہ دینا

خوشی دینا تو پل دو پل نہ دینا

ہمارا آج ہی اجلا بنا دو

چلو ہم کو سنہرا کل نہ دینا

بزرگوں کی یہ تصویریں ہیں بچو

سیاہی ان پہ کوئی مل نہ دینا

یوں ہی بہتا رہوں کل کل ہمیشہ

میں جھرنا ہوں مجھے جل تھل نہ دینا

اسے سونا پڑے گا پتھروں پر

مرے احساس کو مخمل نہ دینا

مرے احباب کو دینا سبھی کچھ

مجھے چاہے سکوں اک پل نہ دینا

دعا میری خدا سے ہے رشیؔ یہ

عمل دینا مجھے گو پھل نہ دینا

مزید غزلیں از کیول کرشن رشیؔ ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں