پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

کاظم رضا راہی کی غزلیں — Kazim Raza Rahi Ghazals

کاظم رضا راہی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

کسی کے غم کو گلے سے لگائے بیٹھے ہیں (غزل)

کسی کے غم کو گلے سے لگائے بیٹھے ہیں

ہم اپنے سارے غموں کو بھلائے بیٹھے ہیں

سکون دل کے لئے آج تیرے دیوانے

ترے خیال کی دنیا سجائے بیٹھے ہیں

سیاہ رات ہے وہ آئیں تو اجالا رہے

اسی امید پہ شمعیں جلائے بیٹھے ہیں

کہاں سے لائیں وہ تنکے چنیں تو کس کے لئے

جو خود ہی اپنا نشیمن جلائے بیٹھے ہیں

اب ان کی سمت بھی ہو جائے کاش نظر کرم

جو لوگ دیر سے محفل میں آئے بیٹھے ہیں

کریں تو کس پہ کریں اعتبار اے راہیؔ

ہر ایک دوست کو ہم آزمائے بیٹھے ہیں

تم مرے سامنے آؤ تو کوئی بات بنے (غزل)

تم مرے سامنے آؤ تو کوئی بات بنے

زخم اس دل پہ لگاؤ تو کوئی بات بنے

آگ گھر کی تو زمانے میں بجھاتے ہیں سبھی

آتش دل جو بجھاؤ تو کوئی بات بنے

راہ ہستی میں کڑی دھوپ ہے میرے سر پر

تم گھٹا بن کے جو چھاؤ تو کوئی بات بنے

چڑھتے سورج کو تو ہر شخص ہی کرتا ہے سلام

گرتے لوگوں کو اٹھاؤ تو کوئی بات بنے

ہر مسافر کو جہاں پھل بھی ملے سایہ بھی

پیڑ کچھ ایسے لگاؤ تو کوئی بات بنے

گھر کے آنگن کی تو دیوار گرا دی راہیؔ

دل کا مینار گراؤ تو کوئی بات بنے

مزید غزلیں از کاظم رضا راہی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں