کاظم جرولی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
خشک ہونٹوں پہ مرے اپنے لب تر رکھ دے (غزل)
خشک ہونٹوں پہ مرے اپنے لب تر رکھ دے
میرے ساقی مرے صحرا پہ سمندر رکھ دے
مقتل عشق میں اب تک جو پڑی ہے بے سر
کوئی اس لاش پہ لے جا کے مرا سر رکھ دے
زد میں ہے تیز ہواؤں کی کتاب ہستی
کوئی اڑتے ہوئے اوراق پہ پتھر رکھ دے
زندگی قید نہ کر جسم کے ایوانوں میں
یہ چراغ اپنا کسی راہ گزر پر رکھ دے
انقلاب اصل میں اس وقت مکمل ہوگا
زانوے خار پہ جب پھول کوئی سر رکھ دے
یا تو ہر شخص مرے ہاتھ پہ بیعت کر لے
یا کوئی بڑھ کے مرے حلق پہ خنجر رکھ دے
آج کاظمؔ جو نہیں تیرے ہنر کے قائل
روبرو ان کے صحیفہ کوئی لکھ کر رکھ دے
میں دشمنی ہوں محبت ہوں اجنبی ہوں میں (غزل)
میں دشمنی ہوں محبت ہوں اجنبی ہوں میں
یہی ثبوت ہیں میرے کہ آدمی ہوں میں
بجھا سکے گا نہ مجھ کو تمام آب جہاں
میان دشت بہتر کی تشنگی ہوں میں
مرا خیال مری سوچ ہے کتاب مری
خدائے فکر کا بھیجا ہوا نبی ہوں میں
نگاہ کی نہ خلاف شریعت ادبی
کسی کے حسن غزل پر کہ متقی ہوں میں
مرے خیال سے روشن ہے کوہ طور ادب
اڑیں نہ ہوش تو دیکھو وہ روشنی ہوں میں
مجھی سے بولنا سیکھا ہے گونگے حرفوں نے
میں روح نطق ہوں لفظوں کی زندگی ہوں میں
لٹا رہا ہے مضامین نو کے جو انبار
زمانہ کہتا ہے کاظمؔ وہی سخی ہوں میں