پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

کاظم رضوی کی غزلیں — Kazim Rizvi 1 Ghazals

کاظم رضوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

سانس لیتے رہیں کہ مر جائیں (غزل)

سانس لیتے رہیں کہ مر جائیں

تجھ سے بچھڑے ہوئے کدھر جائیں

نشترو کارکردگی نہ رکے

یوں نہ ہووے کہ زخم بھر جائیں

ایک شب آپ کے محلے میں

رو گزاریں تو اپنے گھر جائیں

آ ہی پہنچے ہیں یاں تو پھر تم کو

کیوں نہ جی بھر کے دیکھ کر جائیں

سنت یار کو رکھیں ملحوظ

عہد و پیماں کریں مکر جائیں

عشق کی درس گاہ میں ہم لوگ

ایسے بگڑیں کہ بس سدھر جائیں

نقطہ ہو جائیں تیرے کہنے پر

تیری آواز پر بکھر جائیں

روتے رہنا حیات ہے کاظمؔ

رو نہ پائیں تو گھٹ کے مر جائیں

دشت میں پھول اگانے کا ہنر جانتا ہوں (غزل)

دشت میں پھول اگانے کا ہنر جانتا ہوں

یعنی میں شعر سنانے کا ہنر جانتا ہوں

اک تری بات بنائے نہیں بنتی مجھ سے

ورنہ ہر بات بنانے کا ہنر جانتا ہوں

تیرے کوچے میں جو آؤں گا ٹھہر جاؤں گا

کب یہاں آن کے جانے کا ہنر جانتا ہوں

ہاں خبردار کہ اے نازش خوبان چمن

میں حسینوں کو لبھانے کا ہنر جانتا ہوں

آنکھ سے آنکھ لڑا دینے کا ڈھب آتا ہے

ہونٹ سے ہونٹ ملانے کا ہنر جانتا ہوں

میرے لفظوں میں وہ گرمی ہے کہ جس سے کاظمؔ

آگ پانی میں لگانے کا ہنر جانتا ہوں

آج میری آنکھوں نے (نظم)

آج میری آنکھوں نے

کیا کہوں کہ کیا دیکھا

اس حسین دنیا کی

اک حسین شے دیکھی

شے نہ جانیے صاحب

بلکہ یوں سمجھ لیجے

ایک مخملی چادر

پر گلاب کی پتی

نور کے جزیرے پر

ایک چاند کا ٹکڑا

دل کی ایک مجذوبی

ایک حسن کی دنیا

یوںہی ایک گوشے میں

اک خموش سی لڑکی

نور بار و گل افشاں

پر سکون بیٹھی تھی

اس کی بھولی آنکھوں میں

آسماں کی پریوں نے

کاجلیں لگائیں تھیں

اس کے دونوں گالوں پر

خلد کے گلابوں نے

لالیاں بکھیریں تھیں

اس کی زلف کی چھاؤں

جاں بہ لب پرندوں کی

جاں بحال کرتی تھی

رنگ اس کے ہونٹوں کا

معجزے دکھاتا تھا

وہ کلام کرتی تھی

دل لرزتا جاتا تھا

ایک معجزہ دیکھا

مزید غزلیں از کاظم رضوی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں