پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

کاوش عباسی کی غزلیں — Kavish Abbasi Ghazals

کاوش عباسی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

الجھتی ہاری نگاہوں کا ہم رکاب تو تھا (غزل)

الجھتی ہاری نگاہوں کا ہم رکاب تو تھا

ہزار ٹوٹا ہوا تھا وہ ایک خواب تو تھا

میں ان سے کہتا تھا اک دن بچھڑ ہی جائیں گے ہم

سو سوجھتا ہمیں پہلے سے کچھ حساب تو تھا

اب اس پہ کوئی نہ منزل نہ کوئی دوست سہی

مگر یہ راستہ ہی میرا انتخاب تو تھا

یہاں پہ موت سا آ کر ہمارا پڑ رہنا

خلاف زندگی ہی ایک ارتکاب تو تھا

اسی کی ضو ہی سے روشن تھے رات دن میرے

وہ دور بھی مرا مہتاب و آفتاب تو تھا

کسا ہوا عجب اک راہ پر رہا جیون

کہ سخت سچ مرا مجھ پر اک احتساب تو تھا

کچل رکھا تھا مجھے جس نے میرے اندر میں

وہ باہر آن مری میری تاب ناب تو تھا

وفا کا رنج بھی کچھ اس میں تھا مگر دل کا

دو لخت ہوتا بھی اک زندگی کا باب تو تھا

وہ جس نے مجھ کو نیا آدمی کیا کاوشؔ

نظر نہ آیا مگر ایک انقلاب تو تھا

ترا شعار تری دھج مرے خیال میں ہے (غزل)

ترا شعار تری دھج مرے خیال میں ہے

سبھاؤ غم میں مرے تمکنت ملال میں ہے

وہ تیرا کیف تبسم وہ والہانہ پن

مرے جنوں کی چمک بھی ترے جمال میں ہے

ترے تکلم رعنا و خوش خیال کی خیر

جو عیش زخم میں تھا اب وہ اندمال میں ہے

ادائے ناز سے ہے تیری ہجر میں اب کے

علاج ہر الم و یاس احتمال میں ہے

وہ بے خودی ہے کہ دل میں سماں سجا ہے کوئی

فراق ڈوبا ہوا مستی وصال میں ہے

فغاں کو زمزمہ کر دے جنوں کو شانت کرے

یہ رنگ بھی تو مرے یار خوش خصال میں ہے

بھروسہ ہی کف دریائے دل کا کیا کاوشؔ

ابھی تو مانا کہ حد میں ہے اعتدال میں ہے

مزید غزلیں از کاوش عباسی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں