پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

کاوش بدری کی غزلیں — Kavish Badri Ghazals

کاوش بدری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

لفظ کی بہتات اتنی نقد و فن میں آ گئی (غزل)

لفظ کی بہتات اتنی نقد و فن میں آ گئی

مسخ ہو کر صورت معنی سخن میں آ گئی

نصف آنکھیں کھول کر ہی اس نے دیکھا تھا مجھے

چلنے پھرنے کی سکت مفلوج تن میں آ گئی

اب نہ وہ احباب زندہ ہیں نہ رسم الخط وہاں

روٹھ کر اردو تو دہلی سے دکن میں آ گئی

اس کے چہرے کا مجھے مردانہ پن اچھا لگا

چاشنی نمکین سی سارے بدن میں آ گئی

کیوں سپیرا پن ترے نینوں میں پیدا ہو گیا

اس قدر شوخی کدھر سے بانکپن میں آ گئی

ایک بوسہ ہونٹ پر پھیلا تبسم بن گیا

جو حرارت تھی مری اس کے بدن میں آ گئی

ایک وحشی صنف سے ہم نے شرافت سیکھ لی

پنج تن کی لو غزل کی انجمن میں آ گئی

خلد کی تصویر کاوشؔ ہو بہو کشمیر تھی

لاش اس کی پیرہن سے خود کفن میں آ گئی

دوست جتنے بھی تھے مزار میں ہیں (غزل)

دوست جتنے بھی تھے مزار میں ہیں

غالباً میرے انتظار میں ہیں

وہ نہ ہوتے مرا وجود نہ تھا

میں نہ ہوتا وہ کس شمار میں ہیں

شاخ ادراک میں جو کانٹے ہیں

پھول بننے کے انتظار میں ہیں

کیا سبب ہے کہ ایک موسم میں

کچھ خزاں میں ہیں کچھ بہار میں ہیں

ایک شاعر بنا خدائے سخن

جو رسول سخن تھے غار میں ہیں

خار سمجھو نہ تم انہیں ہرگز

سانپ کے دانت گل کے ہار میں ہیں

شمر و فرعون کب ہوئے مرحوم

ان کے اوصاف رشتے دار میں ہیں

سب کے سب کاوش فرشتہ خصال

عیب جتنے ہیں خاکسار میں ہیں

مزید غزلیں از کاوش بدری ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں