کوثر تسنیم سپولی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
سر پہ میرے بھی تھی دستار فضیلت لیکن (غزل)
سر پہ میرے بھی تھی دستار فضیلت لیکن
مجھ کو حاصل تھی مرے رب کی معیت لیکن
عشق آیا تو میں پابند نہیں رہ پایا
عشق سے قبل تھا پابند شریعت لیکن
بے وفا ہوگی ترے خون کی حرکت صاحب
ہم کو ہے ہند کے ذرے سے عقیدت لیکن
میری غزلوں میں ہے شاہین محض اک چڑیا
اب بھی اک راز ہے شاہیں کی حقیقت لیکن
ہے صداقت کہ ہے کشمیر زمیں کی جنت
اہل کشمیر کو ملتی ہے اذیت لیکن
منتظر پاک کی راہیں تھیں قدم بوسی کو
ہم نے بھارت کو ہی سمجھا تھا غنیمت لیکن
شر پسندوں کو نہ راس آیا وطن کا دستور
در حقیقت ہے مرے ملک کی زینت لیکن
چاہتا ہے کہ کرے شعر و سخن سے توبہ
اس سے تسنیمؔ کی ملتی ہے طبیعت لیکن
خلاف ظلم غزل بھی ہے جنگجو میری (غزل)
خلاف ظلم غزل بھی ہے جنگجو میری
یہی سبب کہ غزل ہے لہو لہو میری
جلا دی روح مری اس پہ یہ ستم دیکھو
گھمائی ایک صدی لاش کو بہ کو میری
ہاں مستفید ہوئے یوں ذلیل بھی مجھ سے
ادھار لے لی ذلیلوں نے آبرو میری
سنا ہے آگ سے وہ خوف تک نہیں کھاتا
پگھلنے لگتا تھا سن کر جو گفتگو میری
جنہوں نے خون کیا میرا بے دریغی سے
نکل پڑے ہیں وہی کرنے جستجو میری
عبث ہی ڈرتے ہیں مجھ سے گلاب سے چہرے
نگاہ رہتی ہے ہر آن با وضو میری