کوثر سیوانی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
سلا کر تیز دھاروں کو کنارو تم نہ سو جانا (غزل)
سلا کر تیز دھاروں کو کنارو تم نہ سو جانا
روانی زندگانی ہے تو دھارو تم نہ سو جانا
مجھے تم کو سنانی ہے مکمل داستاں اپنی
ادھوری داستاں سن کر ستارو تم نہ سو جانا
تمہارے دائرے میں زندگی محفوظ رہتی ہے
نظام بزم ہستی کے حصارو تم نہ سو جانا
تمہیں سے جاگتا ہے دل میں احساس روا داری
قیام ربط باہم کے سہارو تم نہ سو جانا
اگر نیند آ گئی تم کو تو چشمے سوکھ جائیں گے
کبھی غفلت میں پڑ کر کوہسارو تم نہ سو جانا
تمہیں سے بحر ہستی میں رواں ہے کشتیٔ ہستی
اگر ساحل بھی سو جائیں تو دھارو تم نہ سو جانا
صدائے درد کی خاطر تمہیں کوثرؔ نے چھیڑا ہے
شکستہ ساز کے بیدار تارو تم نہ سو جانا
بھٹک جاتے ہیں رہبر رہبری میں (غزل)
بھٹک جاتے ہیں رہبر رہبری میں
کچھ ایسی منزلیں ہیں زندگی میں
پتا کیسے ملے اس لاپتہ کا
جو گم رہتا ہو اپنے آپ ہی میں
خبردار اے مری وحشت خبردار
کوئی لغزش نہ ہو دیوانگی میں
نہ یوں ہی بے خودی میں گم ہے کوئی
نہاں راز خودی ہے بے خودی میں
فرشتے بھی سمجھنے سے ہیں قاصر
بشر کیا ہے لباس آدمی میں
تمہیں ہے روشنی پر ناز لیکن
نہاں ہے تیرگی بھی روشنی میں
حسیں تخئیل کی پیکر تراشی
نہ ہو کوثرؔ تو کیا ہے شاعری میں