کوثر پروین کوثر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
کہتے ہیں بے نیاز ہے ہر خشک و تر سے وہ (غزل)
کہتے ہیں بے نیاز ہے ہر خشک و تر سے وہ
رشتہ اٹوٹ رکھتا ہے لیکن نظر سے وہ
پردے سے چھن رہی ہیں تجلی کی جھلکیاں
خود کو چھپا سکا نہ ہماری نظر سے وہ
راہ وفا میں ہم کو تجسس بنا رہا
ہر چند مطمئن رہا اپنے سفر سے وہ
پل میں بدلتے دیکھا ہے موسم بہار کا
محتاط بے سبب نہیں برگ و ثمر سے وہ
دستار رکھنا سر پہ مگر دیکھ بھال کر
بیزار ہو نہ جائے کہیں اپنے سر سے وہ
معبود ظاہری کو یقیں ہو نہ ہو مگر
واقف ہے خوب تر مرے عیب و ہنر سے وہ
کوثرؔ نگاہ شوق کی تاثیر دیکھنا
گزرے گا ایک روز یقیناً ادھر سے وہ
چڑھا کے چاک پہ جو چاہے وہ بنا مجھ کو (غزل)
چڑھا کے چاک پہ جو چاہے وہ بنا مجھ کو
اے کوزہ گر نہ بنا وقت کا خدا مجھ کو
نہ آئی راس ترے حسن کی فضا مجھ کو
تمام عمر ملی عشق کی سزا مجھ کو
اصول عشق کی پابند تھی زباں میری
ہزار بار کہا تو نے بے وفا مجھ کو
فروغ دیتا ہے وہ دم بدم جنوں کو مرے
جہاں یہ دیتا نہیں ہوش کی دوا مجھ کو
کٹھن سفر میں یہ آسانیاں ہوئیں کیسے
شکستہ دل کوئی دیتا ہے کیا دعا مجھ کو
بچا سکو تو بچا لو تم اپنا سر کوثرؔ
جنون شوق میں ہر کرب ہے روا مجھ کو