پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

کوثر نیازی کی غزلیں — Kausar Niyazi Ghazals

کوثر نیازی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

گرتے ہوئے جب میں نے ترا نام لیا ہے (غزل)

گرتے ہوئے جب میں نے ترا نام لیا ہے

منزل نے وہیں بڑھ کے مجھے تھام لیا ہے

مے خوار تو ہے محتسب شہر زیادہ

رندوں نے یوں ہی مفت میں الزام لیا ہے

وہ مل نہ سکے یاد تو ہے ان کی سلامت

اس یاد سے بھی ہم نے بہت کام لیا ہے

ہر مرحلۂ غم میں ملی اس سے تسلی

ہر موڑ پہ گھبرا کے ترا نام لیا ہے

تجھ سا کوئی رہبر نہیں اے دورئ منزل

احسان ترا ہم نے بہر گام لیا ہے

اے شیخ دل صاف یوں ہی تو نہیں ملتا

ہم نے اثر روئے دل آرام لیا ہے

سجدوں میں وہ پہلی سے حلاوت نہیں کوثرؔ

جب سے اثر گردش ایام لیا ہے

چند لمحوں کے لیے ایک ملاقات رہی (غزل)

چند لمحوں کے لیے ایک ملاقات رہی

پھر نہ وہ تو نہ وہ میں اور نہ وہ رات رہی

کرۂ ارض نے دیکھا ہی نہ تھا وہ خورشید

جس کی گردش میں شب و روز مری ذات رہی

اب تو ہر شخص اجالوں میں کھڑا ہے عریاں

کون سی شکل پس پردۂ ظلمات رہی

سرد مہری مرے لہجے میں بھی ہوگی لیکن

تجھ میں خود بھی تو نہ پہلی سی کوئی بات رہی

حال دل اس کو سنا کر ہے بہت خوش کوثرؔ

لیکن اب سوچ ذرا کیا تری اوقات رہی

میں ایٹم بم کے ڈھیر پہ بیٹھا سوچ رہا تھا (نظم)

میں ایٹم بم کے ڈھیر پہ بیٹھا سوچ رہا تھا

یہ روشنیوں اور رنگوں کا سیلاب رواں

یہ ریشم کے لچھوں ایسا نرم بدن

یہ برف کے گالے سے اس ننھے سیب کی نیند

یہ اس کی فرشتوں جیسی معصومانہ ہنسی

یہ گندم کے دانوں سے ننھے ننھے دانت

یہ کلیوں کی مانند تر و تازہ رخسار

یہ گیسوں کی خوشبو سے ناواقف ناک

یہ سگریٹ کے دھوئیں سے بیگانہ دہن

یہ میرے اپنے دل سی کشادہ پیشانی

یہ صبح کی پہلی کرنوں جیسے اس کے بال

یہ سب کچھ اس کا اپنا ہے لیکن پھر بھی

یہ سب کچھ آخر کب تک اس کا اپنا ہے

یہ میرا اپنا خون ہے میرے ہاتھوں میں

یا میری سہمی سہمی بے خواب آنکھوں میں

یہ مستقبل کا کوئی بھیانک سپنا ہے

میں خود اپنی ہی سوچوں کے پر نوچ رہا تھا

مزید غزلیں از کوثر نیازی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں