پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

کوثر رضوی کی غزلیں — Kausar Rizvi Ghazals

کوثر رضوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

سوئی ہوئی دنیا میں ہیں بیدار ہزاروں (غزل)

سوئی ہوئی دنیا میں ہیں بیدار ہزاروں

حق کے لیے جاتے ہیں سوئے دار ہزاروں

میں حق پہ ہوں اور اس کی گواہی ہیں یہ ظالم

اک سر ہے مرے دوش پہ تلوار ہزاروں

کس کس کو پلائے وہ کسے چھوڑ دے پیاسا

کچھ جام ہیں مے خانہ میں مے خوار ہزاروں

پھیلی جو خبر سیر کو گزرے گا ادھر سے

دل پکڑے ہوئے بیٹھے ہیں بیمار ہزاروں

جیسے ہی کہا دل کو ہوں میں بیچنے والا

شہروں میں سجائے گئے بازار ہزاروں

مظلوم کی خاطر ہیں قلم سارے اپاہج

ظالم کی حمایت میں ہیں اخبار ہزاروں

یہ صرف ترے حسن کے جادو کا اثر ہے

دیکھا تو ہوئے زیست سے بیزار ہزاروں

تھک ہار کے بیٹھا نہ مسافر یہ سفر میں

راہوں میں اٹھائی گئی دیوار ہزاروں

ناخدا کو نہ پکارا یہ خطا لے ڈوبی (غزل)

ناخدا کو نہ پکارا یہ خطا لے ڈوبی

ہم کو طوفان میں خود اپنی انا لے ڈوبی

ہیں صلیبوں پہ کبھی اور کبھی تیروں کا ہدف

ہم وفادار تھے تو ہم کو وفا لے ڈوبی

جو کبھی غیر کے آنگن کو ضیا دے نہ سکے

ان چراغوں کو زمانے کی ہوا لے ڈوبی

اس کی زلفوں میں گرفتار ہوئے ہیں کتنے

ہائے دیوانوں کو زنجیر بلا لے ڈوبی

کرنے آئے تھے محبت کے مریضوں کا علاج

خود طبیبوں کو مریضوں کی ادا لے ڈوبی

راہ میں چھوڑ کے مجھ کو وہ بھٹکتا ہی رہا

دیکھو ظالم کو مری آہ و بکا لے ڈوبی

اس بلندی پہ تھا میں ہو گئی دنیا حاسد

مجھ کو کوثرؔ یہ مری فکر رسا لے ڈوبی

مزید غزلیں از کوثر رضوی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں