پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

کوکب شاہجہانپوری کی غزلیں — Kaukab Shahjahanpuri Ghazals

کوکب شاہجہانپوری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

یہ تیری اٹھتی جوانی یہ چھاؤں تاروں کی (غزل)

یہ تیری اٹھتی جوانی یہ چھاؤں تاروں کی

یہ بھینی بھینی مہک یہ نیا شباب ترا

ترے حضور میں میری ہر آرزو ناکام

مری نظر میں ہر انداز کامیاب ترا

تری نظر میں مری ہر نگاہ گستاخی

مرے خیال میں پر کیف ہر عتاب ترا

یہ نرم نرم تبسم یہ گرم گرم نگاہ

مٹا نہ دے کہیں سائل کو یہ جواب ترا

تجھے خبر بھی ہے او شوخ کیا قیامت ہے

شراب‌ و شعر میں ڈوبا ہوا شباب ترا

گزرے گی کیا جمال رخ یار دیکھ کر (غزل)

گزرے گی کیا جمال رخ یار دیکھ کر

حیرت ہے حسن حسرت دیدار دیکھ کر

نا سازیٔ جہاں کی تو پروا کبھی نہ تھی

جی بجھ گیا ہے تم کو دل آزار دیکھ کر

اس دل فگار شوق کی حسرت نہ پوچھیے

مجروح ہو گیا ہو جو تلوار دیکھ کر

آنکھیں ہوئی تھیں چار کہ پہلو میں کچھ نہ تھا

دل کھو گیا نگاہ خریدار دیکھ کر

کوئی کھلا ہوا ہے تو کوئی چھپا ہوا

واعظ نہ چھیڑ مجھ کو گناہ گار دیکھ کر

بیتاب کر دیا نگہ التفات نے

آنسو نکل پڑے انہیں غم خوار دیکھ کر

کوکبؔ دیار عشق کچھ ایسا اداس ہے

روتی ہے بیکسی در و دیوار دیکھ کر

مزید غزلیں از کوکب شاہجہانپوری ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں