کوکب ذکی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
تجھے اپنا بنانا چاہتا ہوں (غزل)
تجھے اپنا بنانا چاہتا ہوں
میں قسمت آزمانا چاہتا ہوں
تجھے دل میں بٹھانا چاہتا ہوں
نئی دنیا بسانا چاہتا ہوں
غم دوراں سے گر مل جائے فرصت
میں ہنسنا مسکرانا چاہتا ہوں
بہت دعویٰ ہے تجھ کو دوستی کا
تجھے بھی آزمانا چاہتا ہوں
بہت تڑپا رہی ہیں اس کی یادیں
میں اس کو بھول جانا چاہتا ہوں
مرے رب کی حفاظت میں ہے کشتی
یہ طوفاں کو بتانا چاہتا ہوں
سبق انس و محبت کا ذکیؔ میں
زمانہ کو پڑھانا چاہتا ہوں
اس چاند سے چہرے کو دکھا کیوں نہیں دیتے (غزل)
اس چاند سے چہرے کو دکھا کیوں نہیں دیتے
حسرت یہ مرے دل کی مٹا کیوں نہیں دیتے
خلوت میں تو کہتے ہو کہ تم جان ہو میری
یہ بات زمانے کو بتا کیوں نہیں دیتے
یہ بات اگر سچ ہے کہ تم پیر مغاں ہو
اس رند کو جی بھر کے پلا کیوں نہیں دیتے
مقصود نہیں نسل کی اصلاح اگر ہو
اسلاف کے اوصاف بتا کیوں نہیں دیتے
اخلاق سے کردار سے الفت سے جہاں میں
نفرت کے اندھیروں کو مٹا کیوں نہیں دیتے
میں ہو کے وفادار بھی ملزم ہوں جفا کا
پھر میری وفاؤں کو بھلا کیوں نہیں دیتے
نفرت کے گھٹا ٹوپ اندھیرے میں ذکیؔ تم
اک شمع محبت کی جلا کیوں نہیں دیتے