پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

کشش سندیلوی کی غزلیں — Kashish Sandelvi Ghazals

کشش سندیلوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

بدلی بدلی یہ زمانے کی فضا لگتی ہے (غزل)

بدلی بدلی یہ زمانے کی فضا لگتی ہے

زندگی اب تو ہمیں جیسے سزا لگتی ہے

وہ بھلا عشق کا اظہار کرے گا کیسے

جس کو خود اپنی اداؤں سے حیا لگتی ہے

جس کی نظروں نے لگائی ہے یہ آتش دل میں

یاد بھی اس کی ہمیں باد صبا لگتی ہے

راس آتی ہے فقط آبلہ پائی اس کو

جس کو صحرائے محبت کی ہوا لگتی ہے

سامنا ہوتا ہے جس لمحہ مسائل سے کبھی

زندگی ہم کو بزرگوں کی دعا لگتی ہے

جیسے بارود پہ بیٹھا ہے زمانہ سارا

موت میں ڈوبی ہوئی ساری فضا لگتی ہے

اٹھ گئی جب سے یہ دیوار کششؔ آنگن میں

گھر کی تصویر ہمیں گھر سے جدا لگتی ہے

زندگی جینے کا وہ سب کو ہنر دیتا ہے (غزل)

زندگی جینے کا وہ سب کو ہنر دیتا ہے

غم جسے دیتا ہے پتھر کا جگر دیتا ہے

مفلسوں کو وہ بنا دیتا ہے فیاض کبھی

کبھی کم ظرفوں کو وہ لعل و گہر دیتا ہے

مانگنا میرا عمل دینا عنایت اس کی

اک وہی ہے جو دعاؤں میں اثر دیتا ہے

روز پڑھتے ہیں جسے کہتے ہیں اخبار اسے

بے خبر ہو کے زمانے کی خبر دیتا ہے

جس کا دل عشق کی مستی سے بھرا ہو یارو

عشق کی راہ میں وہ دل نہیں سر دیتا ہے

آگ نفرت نے لگا رکھی ہے دل میں ایسی

اب کرائے پہ کوئی سوچ کے گھر دیتا ہے

راہ حق میں جو ہر اک چیز لٹاتا ہے کششؔ

اس کی جھولی کو خدا غیب سے بھر دیتا ہے

مزید غزلیں از کشش سندیلوی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں