کاشف سید کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
ختم کیسے زندگی کرتے کے دنیا دیکھتی (غزل)
ختم کیسے زندگی کرتے کے دنیا دیکھتی
کس کے در پہ خود کشی کرتے کے دنیا دیکھتی
مفلسی تھی اور ہم تھے گھر کے اکلوتے چراغ
ورنہ ایسی روشنی کرتے کے دنیا دیکھتی
سرد مہری آپ کی رشتے میں حائل ہو گئی
ورنہ ہم وہ عاشقی کرتے کے دنیا دیکھتی
خاک صحرا کی اڑاتے پھر رہے ہو تم کہاں
شہر میں آوارگی کرتے کے دنیا دیکھتی
تم بھی کاشفؔ فاعلاتن میں الجھ کر رہ گئے
سیدھے سیدھے شاعری کرتے کے دنیا دیکھتی
اس پار میں ہوں جھیل کے اس پار آپ ہیں (غزل)
اس پار میں ہوں جھیل کے اس پار آپ ہیں
لہروں کے آئنوں میں لگاتار آپ ہیں
اے کاش وہ یہ پوچھیں تمہیں کیا پسند ہے
بے ساختہ میں کہہ پڑوں سرکار آپ ہیں
اس کی خموشیوں کی بلاغت نہ پوچھئے
جس کے لب خموش کا اظہار آپ ہیں
اب احترام کرنے لگے میرا سارے غم
کس نے بتا دیا مرے غم خوار آپ ہیں
کلیوں کے لب پہ سجتی ہے مسکان آپ کی
ہر موسم بہار کا سنگار آپ ہیں
مزید غزلیں از کاشف سید ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں