کاشف شکیل کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
عشق کا مرحلہ میرے لیے دشوار نہیں (غزل)
عشق کا مرحلہ میرے لیے دشوار نہیں
میرے قصے میں شہنشاہ کا کردار نہیں
سنگ برسے گا نہ لوگوں کی ملامت ہوگی
میری دنیا میں کوئی نجد کا بازار نہیں
کوئی فرہاد نہیں میں جو کروں کوہ کنی
میرے انجام میں تیشے کا بھی کردار نہیں
رومیو جیسا مروں زہر محبت کھا کر
جولیٹ سی کوئی لڑکی مجھے درکار نہیں
ہیر کے واسطے جوگی میں بنوں نا ممکن
رانجھے کی طرح بچھڑنے کو میں تیار نہیں
میں وہ یوسف نہیں جو پاکئ دامن دیکھے
دور حاضر میں زلیخا کی بھی سرکار نہیں
میں نئے دور کا عاشق ہوں مرا موقف ہے
عشق سنسار میں ہے عشق ہی سنسار نہیں
گھنٹوں باتیں میں کروں ہائے ہیلو لکھتا رہوں
گرچہ شاعر ہوں مری جان میں بیکار نہیں
آج ملنا ہے کہا پیر کو اس نے کاشفؔ
میں نے رپلائی کیا جان یہ اتوار نہیں
جاناں ہمارے درمیاں کیا کیا نہیں ہوا (غزل)
جاناں ہمارے درمیاں کیا کیا نہیں ہوا
باتیں نہیں ہوئیں تھیں یا بوسہ نہیں ہوا
جاناں یہ یک بیک سے کہاں جا رہی ہو تم
اب تک ہمارا پیار تماشہ نہیں ہوا
جاناں یہ بے رخی نہ مجھے مار ڈالے گی
ہلکا سا التفات زیادہ نہیں ہوا
جاناں تمہاری فوٹو موبائل میں ہے مگر
بے چینیوں کا اس سے ازالہ نہیں ہوا
جاناں فی آنسے ہے تمہارا مگر سنو
مجھ کو تمہارا جانا گوارا نہیں ہوا
جاناں جو پھول تم نے رکھا تھا کتاب میں
اشکوں سے بھیگ کر بھی وہ تازہ نہیں ہوا
جاناں خدا کے واسطے اک بار بول دو
کاشفؔ کے بن تمہارا گزارا نہیں ہوا
مہکی ہوئی فضا ہے خوشبو بکھر رہی ہے (نظم)
مہکی ہوئی فضا ہے خوشبو بکھر رہی ہے
چھبیس جنوری ہے چھبیس جنوری ہے
اس باغ کے مناظر پریاں بھی تک رہی ہیں
بھنوروں کے پاس کلیاں خود ہی مٹک رہی ہیں
ہر سو بہار آئی چڑیاں چہک رہی ہیں
لمحوں میں پنکھڑی بھی گلنار ہو رہی ہے
اے بلبلو اٹھو اب قومی ترانہ گاؤ
جمہوریت کا نغمہ گلشن میں گنگناؤ
سارے جہاں سے اچھا ہندوستاں سناؤ
اہل وطن کے دل میں احساس برتری ہے
ہر بھارتی کے لب پر جاری ہے ایک نعرہ
سارے جہاں سے اونچا پرچم رہے ہمارا
جمہوریت پہ حملہ ہم کو نہیں گوارا
اپنے وطن پہ کاشفؔ اپنی ہی سروری ہے
ہندوستاں منائے فرح و سرور کا دن
آئین کے وطن پر کامل ظہور کا دن
اسلاف کے لہو پر فخر و غرور کا دن
اس دن کی آبرو پر قربان زندگی ہے