پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

کاشف رفیق کی غزلیں — Kashif Rafiq Ghazals

کاشف رفیق کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

میں اداس رات کا چاند ہوں گھنے بادلوں میں گھرا ہوا (غزل)

میں اداس رات کا چاند ہوں گھنے بادلوں میں گھرا ہوا

مری تاب کی ہو خبر کسے میں ردائے غم میں چھپا ہوا

نہیں پھول میں کہ مری طرف کسی خوش نظر کی نگاہ ہو

میں تو ایک زرد سا پات ہوں کہیں راستے میں پڑا ہوا

مجھے ڈر تھا جس کا وہی ہوا مری آنکھ کھلتے ہی جھڑ گیا

تری پلکوں پر مرے وصل کا تھا جو ایک خواب سجا ہوا

مری دھڑکنیں تھیں بڑھی ہوئی مرے ہونٹ جیسے سلے ہوئے

میں بیان حال نہ کر سکا ترے سامنے مجھے کیا ہوا

یہ عداوتوں کی سبک ہوا اسے سہہ سکوں کہاں حوصلہ

میں وہ پیڑ ہوں کہ محبتوں کی فضا میں پھولا پھلا ہوا

یہ دیار دل یہ کھنڈر سہی مگر اس کی رونقیں کم نہیں

یہاں رنگ رنگ کے زخموں کا شب و روز میلہ لگا ہوا

مایوسی کی کیفیت جب دل پر طاری ہو جاتی ہے (غزل)

مایوسی کی کیفیت جب دل پر طاری ہو جاتی ہے

رفتہ رفتہ دین و دنیا سے بے زاری ہو جاتی ہے

اول اول خوش آتا ہے پریوں کے خوابوں میں رہنا

بعد میں لیکن یہ حالت ذہنی بیماری ہو جاتی ہے

عقل پہ پردہ پڑ جاتا ہے اور ہم سب کچھ کھو دیتے ہیں

جب کوئی شخصیت ہم کو حد سے پیاری ہو جاتی ہے

رزق مقدر میں لکھا ہے پھر یہ کاروبار جہاں کیا

اک اک دانہ کمانے میں کس درجہ خواری ہو جاتی ہے

بعض مقام ایسے ہوتے ہیں جن سے آگے بڑھ جائیں تو

ان تک واپس آنے میں بے حد دشواری ہو جاتی ہے

ہم تو شعری کینوس پر بس دل کا حال رقم کرتے ہیں

سچے جذبوں سے اس پر خود نقش نگاری ہو جاتی ہے

اکثر مجھ سے مہینوں کاشفؔ کوئی شعر نہیں ہو پاتا

تازہ زخم مگر لگتے ہی تازہ کاری ہو جاتی ہے

مجھے اس زندگانی نے (نظم)

مجھے اس زندگانی نے

سوائے حسرت و کلفت دیا کیا ہے

مجھے اس دہر میں آ کر

بجز احساس محرومی ملا کیا ہے

مجھے اس بزم گیتی نے

سوائے رنج تنہائی دیا کیا ہے

مجھے اس باغ ہستی سے

سوا خار اذیت کے ملا کیا ہے

مجھے جس زندگی نے لطف کا اک پل نہیں بخشا

مجھے اس کی خوشی کیوں ہو

مجھے اپنے جنم دن کی خوشی کیوں ہو

مزید غزلیں از کاشف رفیق ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں