کاشف حسین غائر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
حال پوچھا نہ کرے ہاتھ ملایا نہ کرے (غزل)
حال پوچھا نہ کرے ہاتھ ملایا نہ کرے
میں اسی دھوپ میں خوش ہوں کوئی سایہ نہ کرے
میں بھی آخر ہوں اسی دشت کا رہنے والا
کیسے مجنوں سے کہوں خاک اڑایا نہ کرے
آئنہ میرے شب و روز سے واقف ہی نہیں
کون ہوں کیا ہوں مجھے یاد دلایا نہ کرے
عین ممکن ہے چلی جائے سماعت میری
دل سے کہیے کہ بہت شور مچایا نہ کرے
مجھ سے رستوں کا بچھڑنا نہیں دیکھا جاتا
مجھ سے ملنے وہ کسی موڑ پہ آیا نہ کرے
وہ ہنس رہا ہے اسے دل دکھانا آتا ہے (غزل)
وہ ہنس رہا ہے اسے دل دکھانا آتا ہے
میں رو رہا ہوں مجھے مسکرانا آتا ہے
ہم ایسے لوگ زیادہ جیا نہیں کرتے
ہمارے بعد ہمارا زمانہ آتا ہے
دیے جلاؤں گا یوں ہی میں صبح ہونے تک
وہ دل جلائے جسے دل جلانا آتا ہے
نئے مکاں میں نئے خواب دیکھتے ہیں لوگ
ہمیں تو یاد وہی گھر پرانا آتا ہے
یہ بحر عشق ہے غائرؔ کوئی مذاق نہیں
وہی بچے گا جسے ڈوب جانا آتا ہے
مزید غزلیں از کاشف حسین غائر ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں