کاشف اورا کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
کیسے کٹے گی عمر یہ تحت الثری کے دن (غزل)
کیسے کٹے گی عمر یہ تحت الثری کے دن
ڈرتا ہوں روشنی سے عجب ہیں سزا کے دن
بچپن سے زندگی کو مٹانے کی خو میں تھا
روشن جبین لڑکی نے بدلے ہیں آ کے دن
پت جھڑ کے موسموں میں ذریعہ ہیں سانس کا
ماضی کی ڈائری میں مقفل بلا کے دن
ملتے ہی مل گئی تھیں منازل کی مشعلیں
وہ خوش لباس لمس میں لایا چھپا کے دن
خوشبو بکھیر دی ہے ہوا کے گلاس میں
وہ پھول مل گیا ہے تھے جس سے صبا کے دن
کب تک ہوا کا لمس نکالوں چراغ سے
سوچا ہے بھول جاؤں میں تیری وفا کے دن
کاشفؔ کسی کا نام میں لیتا ہوں زیر لب
کہتا ہوں اپنے آپ سے یہ ہیں عطا کے دن
صاف گوئی کو مان دیتے ہیں (غزل)
صاف گوئی کو مان دیتے ہیں
حق پرستی پہ جان دیتے ہیں
ایک چھتری میں بھیگنے والے
اپنی اپنی اذان دیتے ہیں
دھوپ وافر ہے ایک جگنو سے
روشنی کو امان دیتے ہیں
رو کے اپنوں پہ وار کرتا ہوں
آپ ہنس کر کمان دیتے ہیں
ہم سمندر سے جوجھنے والے
ایک آنسو پہ جان دیتے ہیں