کاشف اختر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
تمہارے ساتھ جو لمحات تھے گزارے ہوئے (غزل)
تمہارے ساتھ جو لمحات تھے گزارے ہوئے
تمہارے بعد وہی زیست کے سہارے ہوئے
زباں پہ زنگ جو دیکھا تو یہ سمجھ آیا
زمانے ہو گئے جیسے اسے پکارے ہوئے
ہمارے بعد ہمیں ڈھونڈتے پھریں گے لوگ
ہمارے بعد کہیں گے بڑے خسارے ہوئے
اخیر شام تھی جب دونوں پاس بیٹھے تھے
عجیب شکل تھی دونوں کی جیسے ہارے ہوئے
قدم قدم پہ ملیں گے تمہیں لہو کے نشاں
ہمارے عشق کے یہ بھی تو استعارے ہوئے
میں اپنی ذات کی تاریکیوں میں جب گم تھا
تب اس کی یاد کے روشن سبھی ستارے ہوئے
تمہارے بن گزارا ہو رہا ہے (غزل)
تمہارے بن گزارا ہو رہا ہے
خسارے پر خسارہ ہو رہا ہے
بہت سوچا بچا لوں خود کو لیکن
ادھر سے پھر اشارہ ہو رہا ہے
شجاعت تو شہادت مانگتی ہے
پر اب اس سے کنارا ہو رہا ہے
مجھے پھر عشق نے آواز دی ہے
مجھے تو یہ دوبارہ ہو رہا ہے
عدو کے ساتھ اس کو دیکھتا ہوں
قیامت کا نظارہ ہو رہا ہے
ذرا سی تو نے کیا الفت دکھائی
ترا ہر غم گوارا ہو رہا ہے
مکیں تم جب سے اس دل میں ہوئی ہو
ہر اک شے سے کنارا ہو رہا ہے
یہ تیرا لمس تھا جس کی وجہ سے
یہ میرا دل شرارہ ہو رہا ہے
تجھے آواز دے کر تھک چکا ہوں
اسی خاطر غرارہ ہو رہا ہے