کشفی ملتانی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
شور ہے ہر طرف سحاب سحاب (غزل)
شور ہے ہر طرف سحاب سحاب
ساقیا ساقیا! شراب شراب
آب حیواں کو مے سے کیا نسبت
پانی پانی ہے اور شراب شراب
رند بخشے گئے قیامت میں
شیخ کہتا رہا حساب حساب
اک وہی مست با خبر نکلا
جس کو کہتے تھے سب خراب خراب
مجھ سے وجہ گناہ جب پوچھی
سر جھکا کے کہا شباب شباب
جام گرنے لگا تو بہکا شیخ
تھامنا تھامنا کتاب کتاب
کب وہ آتا ہے سامنے کشفیؔ
جس کی ہر اک ادا حجاب حجاب
دل دل ہی رہے گا گل تر ہو نہیں سکتا (غزل)
دل دل ہی رہے گا گل تر ہو نہیں سکتا
خوں ہو کے بھی منظور نظر ہو نہیں سکتا
جو ظلم کیا تو نے کیا بے جگری سے
ایسا تو کسی کا بھی جگر ہو نہیں سکتا
تھک تھک کے تری راہ میں یوں بیٹھ گیا ہوں
گویا کہ بس اب مجھ سے سفر ہو نہیں سکتا
اظہار محبت مرے آنسو ہی کریں گے
اظہار بہ انداز دگر ہو نہیں سکتا
ہر بوند لہو کی کبھی بنتی نہیں آنسو
جیسے کہ ہر اک قطرہ گہر ہو نہیں سکتا
یہ عہد جوانی بھی ہے کچھ ایسا زمانہ
بے بادۂ سرجوش بسر ہو نہیں سکتا
لے جائے گا یہ دل مجھے اس بزم میں آخر
جس میں کہ صبا کا بھی گزر ہو نہیں سکتا
جب تک تری رحمت کا ہے کشفیؔ کو سہارا
سچ یہ ہے گناہوں سے حذر ہو نہیں سکتا