کشفی لکھنؤی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
غم سے گھبرا کے قیامت کا طلب گار نہ بن (غزل)
غم سے گھبرا کے قیامت کا طلب گار نہ بن
اتنا مایوس کرم اے دل بیمار نہ بن
خواہش دید ہے تو تاب نظر پیدا کر
ورنہ بہتر ہے یہی طالب دیدار نہ بن
مجھے منظور ہے یہ برق گرا دے مجھ پر
مجھ سے بیگانہ مگر اے نگہ یار نہ بن
دامن حال کو بھی پھولوں سے بھر دے ناداں
صرف مستقبل رنگیں کا طرفدار نہ بن
بالیقیں منزل مقصود ملے گی مجھ کو
نا امیدی تو مری راہ کی دیوار نہ بن
ہے رہائی کی تمنا تو گرا دے دیوار
قید زنداں میں رہین غم دیوار نہ بن
لائق حمد ہے وہ جس کی ضیا ہے ان میں
کم نظر چاند ستاروں کا پرستار نہ بن
میں خطا وار ہوں تو مجھ کو مٹا دے صیاد
سارے گلشن کے لئے باعث آزار نہ بن
ایسے اقدام کا حاصل ہے یہاں ناکامی
بزم ساقی ہے یہ کشفیؔ یہاں خوددار نہ بن
میرا درماں ہے نہ کعبے میں نہ بت خانے میں (غزل)
میرا درماں ہے نہ کعبے میں نہ بت خانے میں
رند ہوں مجھ کو پڑا رہنے دو مے خانے میں
اس کو سمجھی ہے نہ سمجھے گی مجازی دنیا
ہے حقیقت ہی حقیقت مرے افسانے میں
لئے پھرتی ہے مجھے منزل جاناں کی تلاش
چین حاصل ہے گلستاں میں نہ ویرانے میں
ان کے کہنے سے اسے توڑ دوں کیسے آخر
علم جن کو نہیں کیا ہے مرے پیمانے میں
ربط باہم بھی عجب شے ہے گلے ملتے ہی
شمع کا نور نظر آتا ہے پروانے میں
حسن روپوش ہے تو دید کے قابل کیا ہے
اب کسے دیکھوں بھلا دہر کے غم خانے میں
سینچے جاؤ اسے تم اپنے لہو سے کشفیؔ
پھول کھل جائیں گے اک دن اسی ویرانے میں