پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

کارتیکے سنگھ کی غزلیں — Kartikey Singh Ghazals

کارتیکے سنگھ کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

تمام جسم ہی گھایل تھا پر نشان نہ تھا (غزل)

تمام جسم ہی گھایل تھا پر نشان نہ تھا

گواہ سب تھے مگر حق میں اک بیان نہ تھا

یہی سنا ہے محلے کے سب بزرگوں سے

لگان کھیت کا تھا نسل پر لگان نہ تھا

سمجھ لو پاؤں میں بینائی رکھ کے دیکھا ہے

پہاڑی راہ تھی لیکن کہیں ڈھلان نہ تھا

کہا تھا جب کی ہماری اڑان اونچی ہے

نہیں پتہ کی یقیں کتنا پر گمان نہ تھا

ترے سرور میں اٹھ کر نکل گئے گھر سے

مگر خمار سڑک پر تھا مجھ کو دھیان نہ تھا

تمہارے عشق نے گویائی کو نکھارا ہے

غزل سرائی تھی لیکن میں خوش زبان نہ تھا

کوئی زوال نہیں اس زوال کے آگے (غزل)

کوئی زوال نہیں اس زوال کے آگے

جنوب آنے لگا ہے شمال کے آگے

وہ حسن ہے کی زلیخا سا عشق ہو جائے

جمال پھیکا ہے اس کے جمال کے آگے

ثبوت اور بھی ہیں اس بیان کے پیچھے

سوال اور بھی ہیں اس سوال کے آگے

جگہ نہیں تھی مسانوں میں قبر گاہوں میں

عوام مرتی رہی اسپتال کے آگے

ہمارا وصل ابھی اور وقت مانگ رہا

سفر تمام نہیں انتقال کے آگے

اسے گمان تھا تلوار جنگ جیتے گی

شکستہ ہو گئی تلوار ڈھال کے آگے

مثال عشق کی اب تک جو دی گئی تھی کافؔ

بدل گئی ہے ہماری مثال کے آگے

مزید غزلیں از کارتیکے سنگھ ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں