کرار نوری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
تاریکیوں میں ہم جو گرفتار ہو گئے (غزل)
تاریکیوں میں ہم جو گرفتار ہو گئے
شاید سحر سے پہلے ہی بیدار ہو گئے
یہ کون سا مقام رہ و رسم ہے کہ وہ
اتنے ہوئے قریب کہ بیزار ہو گئے
منزل کی سمت تجھ کو نہ لے جائیں گے کبھی
وہ راستے جو آپ ہی ہموار ہو گئے
ناکامیوں نے اور بھی سرکش بنا دیا
اتنے ہوئے ذلیل کہ خوددار ہو گئے
اب کے تو نوک خار بھی گل رنگ ہو چلی
کل دیکھنا کہ دشت بھی گلزار ہو گئے
نوریؔ ہمیں جہاں میں مسرت کی تھی تلاش
آخر ہر ایک شخص کے غم خوار ہو گئے
حکم آیا ہے کہ فتنے کو بھی فتنہ نہ کہوں (غزل)
حکم آیا ہے کہ فتنے کو بھی فتنہ نہ کہوں
جیسا دیکھا ہے سنا ہے اسے ویسا نہ کہوں
میرے چپ رہنے سے کیا بات سنور جائے گی
لوگ خود بھی تو سمجھتے ہیں کہوں یا نہ کہوں
حسن غمزے سے چھٹا عشق فراموش ہوا
ایسے حالات میں کیا شعر بھی سچا نہ کہوں
خود کشی اور شہادت میں ہے اک فرق لطیف
کاش جو کچھ مجھے کہنا ہے وہ تنہا نہ کہوں
کس قدر ظلم ہے حالات کا نوریؔ صاحب
آپ دھوکا مجھے دیں اور میں دھوکا نہ کہوں