پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

کریم درویش کی غزلیں — Kareem Darvesh Ghazals

کریم درویش کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

لب پہ تبسم روز سجانا پڑتا ہے (غزل)

لب پہ تبسم روز سجانا پڑتا ہے

غم اپنا اس طرح چھپانا پڑتا ہے

ایسا بھی ہوتا ہے اصولی جنگوں میں

ہار کو بھی سینے سے لگانا پڑتا ہے

کھا کر روکھی-سوکھی ننھے بچوں کو

پیٹ کا شعلہ روز بجھانا پڑتا ہے

جوڑ رہے ہیں پیسہ پیسہ سب لیکن

سب دنیا میں چھوڑ کے جانا پڑتا ہے

ہم مزدوروں کی قسمت میں چھاؤں کہاں

دھوپ میں خود کو روز جلانا پڑتا ہے

جھوٹی تسلی دے دے کر ارمانوں کو

سارا سارا دن بہلانا پڑتا ہے

پیٹ کی آگ بجھانے کو درویشؔ یہاں

قطرہ قطرہ خون جلانا پڑتا ہے

چاہتے ہو جو کوئی کھنڈر دیکھنا (غزل)

چاہتے ہو جو کوئی کھنڈر دیکھنا

دوستو اک نظر میرا گھر دیکھنا

لب ہلائے ہیں میں نے خلاف ستم

اب بلا آئے گی میرے سر دیکھنا

پہلے گھر کے چراغوں پہ رکھو نظر

بعد میں تم یہ شمس و قمر دیکھنا

ایسا لگتا ہے میرے مقدر میں ہے

دامن زندگی خوں سے تر دیکھنا

دے رہے ہو ہوا یاد رکھنا مگر

شعلہ بن جائے گا یہ شرر دیکھنا

ہم نے سب سہہ لئے تیرے ظلم و ستم

اب دعا کا ہماری اثر دیکھنا

خیر سے آپ نے خیر دیکھا ہے خیر

رہنما سے کبھی اس کا شر دیکھنا

تیری چشم عنایت کا طالب ہوں میں

اک نگاہ غلط ہی مگر دیکھنا

کاش درویشؔ ہو میری تقدیر میں

منظر خوش نما عمر بھر دیکھنا

مزید غزلیں از کریم درویش ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں