کریم رومانی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
تم کلی اک گلاب کی سی ہو (غزل)
تم کلی اک گلاب کی سی ہو
اک کرن آفتاب کی سی ہو
دوڑتا ہوں میں تشنہ لب پیچھے
میرے حق میں سراب کی سی ہو
جو نہ تعبیر ہو سکے گا کبھی
تم حسیں ایسے خواب کی سی ہو
حسن بے مثل لا جواب ترا
یہ غلط ماہتاب کی سی ہو
ایک دریا ہے موجزن تم میں
اک امنڈتے شباب کی سی ہو
حال دل کا ترے میں کیا جانوں
بند تم اک کتاب کی سی ہو
موت تھی زندگی تھی یاد نہیں (غزل)
موت تھی زندگی تھی یاد نہیں
کون مجھ سے ملی تھی یاد نہیں
ہم نے روشن تو کی تھی شمع وفا
وہ جلی تھی بجھی تھی یاد نہیں
خاک تو ہو گیا تھا پروانہ
شمع کیوں رو پڑی تھی یاد نہیں
اشک شبنم پہ مسکراتے ہیں
آپ تھے یا کلی تھی یاد نہیں
کوئی مل کے گلے تو روتا تھا
آپ تھے یا خوشی تھی یاد نہیں
بزم عشرت میں غم زدہ دل تھا
جانے کس کی کمی تھی یاد نہیں
خم کے خم پی گیا تھا نظروں سے
پھر بھی کیوں تشنگی تھی یاد نہیں
لب پہ آہ و فغاں ہے رومانیؔ
دل لگی تھی لگی تھی یاد نہیں
تنہائیٔ دل جب بڑھتی ہے (نظم)
تنہائیٔ دل جب بڑھتی ہے
جب یاس کی گہری تاریکی دنیائے دل پر چھاتی ہے
چپکے سے تری یادوں کی کرن
چلمن کو ہٹا کر آتی ہے
اور دل مرا بہلاتی ہے
تم دور ہوئی جوں ہی ہم سے
یادوں کے شبستاں جاگ اٹھے
پھر دل کی کلی مسکا نہ سکی
اور گیت خوشی کے گا نہ سکی
اک تم ہو ہم سے دور کہیں
زر کار جھروکے میں بیٹھی
یادوں کو بھلائے جاتی ہو
اک ہم ہیں تیری راہوں میں
پلکوں کو بچھائے بیٹھے ہیں
شاید کہ ترا ہو جائے گزر
افلاس کے ان صحراؤں سے
دنیا کے ان ویرانوں سے