پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

کرن سنگھ کرن کی غزلیں — Karan Singh Karan Ghazals

کرن سنگھ کرن کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

کھویا کیا پایا کیا حساب نہ کر (غزل)

کھویا کیا پایا کیا حساب نہ کر

تو عبث وقت کو خراب نہ کر

چھوڑ ہرگز نہ راہ حق گوئی

اپنی منزل کو یوں خراب نہ کر

صاف رکھ اپنا دامن کردار

تو اسے اشکوں سے پر آب نہ کر

غم نہ کر دوسروں پہ کیا گزرے

تو کبھی حق سے اجتناب نہ کر

غم بھی ہیں زندگی کا اک حصہ

دوسروں کو تو انتساب نہ کر

جو فرائض ہیں بھول جائیں کرنؔ

اس قدر خود کو محو خواب نہ کر

بڑے عجیب ہیں دنیا کے یہ نشیب و فراز (غزل)

بڑے عجیب ہیں دنیا کے یہ نشیب و فراز

کوئی پڑھے کہاں جا کر محبتوں کی نماز

جہاں میں کچھ نہیں ملتا سوا عداوت کے

مگر نظر میں نہیں ہے کوئی بھی اس کا جواز

تمام زندگی اس جستجو میں گزری ہے

نہ کھل سکا کسی صورت بھی زندگی کا راز

بس اک نگاہ میں وہ دل کو چھین لیتے ہیں

کہاں سے لائے کوئی ان کا یہ حسیں انداز

کسی بھی حال میں گزرے یہ زندگی اپنی

مگر نہ دست طلب ہو سکے گا ہم سے دراز

کسی کا بھی نہیں اب اعتبار دنیا میں

کہیں تو کس کو کہیں ہم جہان میں ہم راز

مزید غزلیں از کرن سنگھ کرن ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں