پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

کرامت علی شہیدی کی غزلیں — Karamat Ali Shaheedi Ghazals

کرامت علی شہیدی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

در پردہ ستم ہم پہ وہ کر جاتے ہیں کیسے (غزل)

در پردہ ستم ہم پہ وہ کر جاتے ہیں کیسے

گر کیجے گلا صاف مکر جاتے ہیں کیسے

آنے میں تو سو طرح کی صحبت تھی شب وصل

دیکھیں گے پر اب اٹھ کے سحر جاتے ہیں کیسے

رنجش کا مری پاس نہیں آپ کو مطلق

برہم تجھے ہم دیکھ کے ڈر جاتے ہیں کیسے

غصے میں نیا رنگ نکالے ہیں پری رو

جوں جوں یہ بگڑتے ہیں سنور جاتے ہیں کیسے

اس صاحب عصمت کو یہی سوچ ہے ہر صبح

بے وجہ مرے بال بکھر جاتے ہیں کیسے

ایام مصیبت کے تو کاٹے نہیں کٹتے

دن عیش کے گھڑیوں میں گزر جاتے ہیں کیسے

وہ وقت تو آنے دے بتا دیں گے شہیدیؔ

بن آئے کسی شخص پہ مر جاتے ہیں کیسے

جی چاہے گا جس کو اسے چاہا نہ کریں گے (غزل)

جی چاہے گا جس کو اسے چاہا نہ کریں گے

ہم عشق و ہوس کو کبھی یکجا نہ کریں گے

اے کاش چھٹیں عہد شکن بن کے جہاں میں

باز آئے وفاداری کا دعویٰ نہ کریں گے

گو حسن پرستی نہ ہو خاطر سے فراموش

خوش قامتوں کا یاد سراپا نہ کریں گے

نرگس کی شب تیرہ میں لوٹیں گے بہاریں

پر سرمگیں آنکھوں کی تمنا نہ کریں گے

بہلائیں گے سیر گل و شبنم سے دل اپنا

اس عارض گل رنگ کی پروا نہ کریں گے

انگاروں پہ لوٹیں گے پر ان شعلہ رخوں کے

نظارہ سے ہم آنکھ بھی سینکا نہ کریں گے

عصمت کا انہیں خوف ہے تقویٰ کا ہمیں پاس

نے کی ہے کبھی خواہش بے جا نہ کریں گے

بکنے کے شہیدیؔ کے برا مانیو مت جان

ہیں عاشق صادق کبھی ایسا نہ کریں گے

مزید غزلیں از کرامت علی شہیدی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں