پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

کرامت بخاری کی غزلیں — Karamat Bukhari Ghazals

کرامت بخاری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

دنیا کی اس بھیڑ میں کھو گئے جانے کتنے لوگ (غزل)

دنیا کی اس بھیڑ میں کھو گئے جانے کتنے لوگ

ان آنکھوں سے اوجھل ہو گئے جانے کتنے لوگ

صدمے سہتے سہتے ساری عمریں بیت گئیں

اور زمیں کو اوڑھ کے سو گئے جانے کتنے لوگ

کچھ لوگوں کے گھر میں اتری خوشیوں کی بارات

اور غموں کے بوجھ کو ڈھو گئے جانے کتنے لوگ

وقت کے اس بہتے دریا میں خاموشی کے ساتھ

اپنی ناؤ آپ ڈبو گئے جانے کتنے لوگ

ایک نظر میں اس نے ہر اک دل کو جیت لیا

ایک نظر میں اس کے ہو گئے جانے کتنے لوگ

اشکوں کی برسات میں بہہ گئی مہجوری کی راکھ

اپنے دل کے داغ کو دھو گئے جانے کتنے لوگ

لب پہ کسی اجڑی ہوئی جاگیر کا ماتم (غزل)

لب پہ کسی اجڑی ہوئی جاگیر کا ماتم

ہر لفظ مرا حلقۂ زنجیر کا ماتم

دل میں کہیں بجھتے ہوئے ارمانوں کا نوحہ

آنکھوں میں کسی یاد کی تصویر کا ماتم

ہر سوچ میں سنگین فضاؤں کا فسانہ

ہر فکر میں شامل ہوا تحریر کا ماتم

جب سے ہوا معلوم کہ یہ چاند ہے پتھر

کرتا ہوں میں اب چاند کی تسخیر کا ماتم

ہر حرف مرا کرب مسلسل کی گھٹن میں

کرتا ہے مرے خانۂ دلگیر کا ماتم

تمہاری آنکھیں خوشی کی خواہش لیے ہوئی تھیں (نظم)

تمہاری آنکھیں خوشی کی خواہش لیے ہوئی تھیں

تمہاری سوچوں میں عہد ماضی کی سلوٹیں تھیں

تمہارے گیسو گھمرتی گھرتی گھٹاؤں کے کچھ گھنیرے بادل بنے ہوئے تھے

قدم بڑھائے نظر جھکائے بدن بدن چرائے آ رہی تھی

ہوائیں بھی گنگنا رہی تھیں

کلی کلی مسکرا رہی تھی

خزاں رسیدہ چمن میں جیسے بہار چپکے سے آ رہی تھی

مگر اچانک

یہ خواب ٹوٹا تو میں نے دیکھا

ردائے شب پہ کوئی ستارا نہیں تھا باقی

جہاں جدائی کے سارے لمحے گلے ملے تھے وہاں محبت کی مانگ بھرنے کو شبنم اتری

خزاں رسیدہ بدن دریدہ وہ شب گزیدہ اداس لمحے!

عجیب وحشت جگا رہے تھے

وجود سے وہ عدم کی دنیا میں جا رہے تھے

کہ خواب تھا بس تمہارا آنا

مزید غزلیں از کرامت بخاری ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں