پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

کرامت علی کرامت کی غزلیں — Karamat Ali Karamat Ghazals

کرامت علی کرامت کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ہم نے جب درد بھری اپنی کہانی لکھی (غزل)

ہم نے جب درد بھری اپنی کہانی لکھی

لوگ کہنے لگے روداد پرانی لکھی

میں نے اک پیڑ سمندر کے جزیرے سے لیا

اور چٹان پہ پانی کی روانی لکھی

اجنبی طرز لئے میں نہیں آیا ہوں یہاں

داستاں اپنی تمہاری ہی زبانی لکھی

چشم محبوب کو نرگس کا لقب تو نے دیا

میں نے شعروں میں مگر ''رات کی رانی'' لکھی

کون سا وقت عمل کا ہے جوانی کے سوا؟

نیند کب آتی ہے؟ پوچھا تو جوانی لکھی

رات جب آئی تو دن بھر کا فسانہ لکھا

جب چلی باد سحر شام سہانی لکھی

باغ فردوس کی لوری میں سناتا کیسے؟

مری قسمت میں تھی آشفتہ بیانی لکھی

خشک تھا میرا قلم کچھ نہیں لکھ پاتا تھا

لکھنے بیٹھا تو بڑی رام کہانی لکھی

تم نے جب حرف کو خوابوں کا سفر کہہ ڈالا

میں نے بھی لفظ کی تعبیر معانی لکھی

نرم و نازک تھا کرامتؔ ترے شعروں کا مزاج

وقت پڑنے پہ مگر شعلہ بیانی لکھی

ہاتھ آ گیا ہے جب سے شعور خودی کا سانپ (غزل)

ہاتھ آ گیا ہے جب سے شعور خودی کا سانپ

سینے پہ لوٹتا ہے غم زندگی کا سانپ

اپنے بدن سے خول انا کا اتار کر

پھنکارتا ہے شام و سحر آگہی کا سانپ

میں کھیلتا ہوں اس سے مگر جانتا ہوں یہ

اک دن مجھے ڈسے گا نئی روشنی کا سانپ

کیوں من کا مور پنکھ نہ اپنے سمیٹ لے

آنگن میں کھیلتا ہے غم عاشقی کا سانپ

موج سراب کا بھی پتہ دور تک نہیں

شدت سے ڈس رہا ہے مجھے تشنگی کا سانپ

تہذیب کا کھنڈر ہے نگاہوں کے سامنے

وہ رینگتا ہے دیکھیے اک خامشی کا سانپ

کیوں نیلکنٹھ بن کے نہ پی جاؤں اس کو میں

جو زہر اگل رہا ہے غم آگہی کا سانپ

نہ جانے وہ لوگ گم کہاں ہیں (نظم)

نہ جانے وہ لوگ گم کہاں ہیں

چھلک رہی تھی

فلک کے ساغر سے رحمت حق کی تند صہبا

فضاے ایام میں محبت کی فاختائیں بھی

پنکھ پھیلائے اڑ رہی تھیں

دیار‌ جرماں میں جھانکتی تھیں

امید فردا کی نرم کرنیں

مگر یہ آشوب وقت کا ہے اثر کہ جس سے

جھلس گئے ہیں تصوروں کے حسین چہرے

فضا بھی خاموش روح بیتاب

دور مندر کے دیوتا چپ

دھڑکتے دل کی یہ سنسناہٹ

کھسکتے پتوں کی سرسراہٹ

پڑے ہیں خاموش کھوکھلے مندروں کے ناقوس

بجھے پڑے ہیں تمدنوں کے حسین فانوس

یہاں اجنتا کا اور کونارک کا

فن تخلیق ہچکیاں لے رہا ہے پیہم

یہاں تو اب صوموں میں اور مسجدوں میں

گھر کر چکے ہیں تخریب کے ابابیل

نفس نفس میں گھٹن کا جذبہ

رگوں میں تلخی ہے زہر غم کی

بھٹکتے رہنے کو اب خلا کے سوا نہیں کچھ

گئے تھے جو لوگ اس طرف سے

انہیں کا ہے انتظار ہم کو

وہ آئیں گے کب وہ آئیں گے کب

یہاں اہنسا کو گھن لگا ہے

یہاں محبت کی وادیوں میں اگی ہے کائی

پیام انسانیت کو گویا لگی ہے دیمک

وہ درد دل کی لویں

جو مثل چراغ جلتی رہی تھیں صدیوں

نہ جانے کیوں آج بجھ چکی ہیں

نظر کو دھندلا رہی ہے کیوں دور کی سیاہی

گئے تھے کچھ لوگ جو ادھر سے

فلک کے لا انتہا ابھی میں

مزید غزلیں از کرامت علی کرامت ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں