کنول پردیپ مہاجن کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
اسے خیال میں باندھوں کہ خواب میں دیکھوں (غزل)
اسے خیال میں باندھوں کہ خواب میں دیکھوں
کوئی وہ بت ہے اسے کیوں حجاب میں دیکھوں
یہ وصف بھی دل خانہ خراب میں دیکھوں
سراپا میں اسے سو سو حجاب میں دیکھوں
اسی کا نقش میں ہر انتخاب میں دیکھوں
اسی کا ذکر ہے جس بھی کتاب میں دیکھوں
اسی کا عکس ابھر آئے صفحے صفحے پر
اسی کا نام میں ہر ایک باب میں دیکھوں
اسی کے رخ کے خد و خال پڑھتا رہتا ہوں
وہ ہی نہ ہو کہیں شامل نصاب میں دیکھوں
سوال کر تو دیا اس سے بے خودی میں کنولؔ
مرے نصیب میں کیا ہے جواب میں دیکھوں
دو ہی مصرعوں میں بات ہوتی ہے (غزل)
دو ہی مصرعوں میں بات ہوتی ہے
یہ غزل کی بساط ہوتی ہے
درد و اندوہ کے تلاطم میں
مسکراؤ تو بات ہوتی ہے
ایک کے بعد ایک ہے غم سے
جیتے جی کب نجات ہوتی ہے
زندگی ختم ہو بھی جائے تو
ختم کب واردات ہوتی ہے
کوئی قندیل ہی کرو روشن
کنولؔ اٹھو کہ رات ہوتی ہے
ابھی ہر داستاں ادھوری ہے (نظم)
ابھی ہر داستاں ادھوری ہے
ابھی ہر راستہ ہے نا ہموار
اب کے ہر مشغلہ ہے نا کافی
اس کو منزل نہ سمجھنا اے دل
یہ وہ مقام ہے
جس کو آغاز سفر ہی کہئے
یہ کہ انجام جاں کشائی ہے
اب کہ چلتے ہی چلے جانا ہے
اب کے تنہا تو تم نہیں ہو گے
اب کے اے دل بڑے سہارے ہیں
ہم سفر آگہی جوں ہمراہ
تلخیاں تلخ تجربات
مشعلیں روشن
اب کے ہر سنگ میل
تم کو صدائیں دے گا
اب کہ چلنا ہے تمہیں
جستجو میں منزل کی
وہی منزل کہ ہے
تلاش جس کی صدیوں سے
سر آدم کو
قلب و جاں کو روح انساں کو
اب کہ جو چل ہی پڑے ہو
تو یہ خیال رہے
زندگی راستے بدلتی ہے
منزلیں آتی جاتی رہتی ہیں
ایک منزل سے دوسری منزل
پھر کسی دوسری منزل کی تلاش
یہ سفر ختم ہی نہیں ہوتا
زندگی ختم ہو تو ہو جائے
جستجو ختم ہی نہیں ہوتی