پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

کنول سیالکوٹی کی غزلیں — Kanwal Siyalkoti Ghazals

کنول سیالکوٹی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

نہ تو آغاز نہ انجام پہ رونا آیا (غزل)

نہ تو آغاز نہ انجام پہ رونا آیا

اپنی دقت کی ہر اک شام پہ رونا آیا

اہل محفل کو ہوئی شمع کے جلنے کی خوشی

مجھ کو پروانے کے انجام پہ رونا آیا

دل سے ابھرا تو نگاہوں کے دریچے سے گرا

اشک بنتے ہوئے ہر جام پہ رونا آیا

وقت رخصت جو نگاہوں نے تری مجھ کو دیا

یاس و امید کے پیغام پہ رونا آیا

ہم غریبوں کی بھلا صبح کہاں شام کہاں

صبح پر اشک بہے شام پہ رونا آیا

میری تقدیر میں در در کا بھٹکنا تھا کنولؔ

حسن آغاز کے انجام پہ رونا آیا

شمع کی لو سے کھیلتے دیکھے ہیں میں نے پروانے دو (غزل)

شمع کی لو سے کھیلتے دیکھے ہیں میں نے پروانے دو

اک تو موت سے کھیل رہا ہے اک کہتا ہے جانے دو

میرے بدن پر تم برساؤ پیار کی شبنم حسن کی آگ

یوں گھل مل کر ایک نظر سے ہم پڑھ لیں افسانے دو

جن پر جان لٹا دی میں نے وہ ہی مجھ سے برہم ہیں

رونے پر پابندی ہے تو قہقہہ ایک لگانے دو

تم نے پلائی جتنی پلائی دیکھو ہیں پیاسے رند ابھی

ساقی گری سے ہاتھ نہ کھینچو سب کی دعا لو آنے دو

مے سے میں توبہ کر لوں گا یہ لو میری توبہ ہے

پہلے میرے ہاتھوں میں اپنی آنکھوں کے مے خانے دو

اس کا کام ہے کہتا رہنا اپنا کام ہے سن لینا

واعظ بھی اپنا ہے کنولؔ تم وعظ اسے فرمانے دو

مزید غزلیں از کنول سیالکوٹی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں