پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

کنول فیروز کی غزلیں — Kanwal Feroz Ghazals

کنول فیروز کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

سرخ ہونٹوں سے مرے دل پہ نشانی لکھ دے (غزل)

سرخ ہونٹوں سے مرے دل پہ نشانی لکھ دے

تو مرے نام کے آگے کبھی جانی لکھ دے

عمر گزری ہے مری شام فرات دل میں

میں ہوں پیاسا مرے نسخے میں تو پانی لکھ دے

اب تری یاد بھی کم کم ہی مجھے آتی ہے

جانے کس طرح سے گزری ہے جوانی لکھ دے

آرزو ایک ہی اس دل میں رہی ہے رقصاں

تو کوئی میرے لیے شام سہانی لکھ دے

میرے افسانۂ ہستی میں ہے تو بھی شامل

مری ناشاد محبت کی کہانی لکھ دے

عین ممکن ہے مرے دل کو سکوں مل جائے

صفحۂ دل پہ کوئی یاد پرانی لکھ دے

میں تو غالبؔ کا مقلد ہوں کنولؔ میرے لیے

مرے خامے کے مقدر میں روانی لکھ دے

پرندوں سے درختوں سے کہوں گا (غزل)

پرندوں سے درختوں سے کہوں گا

میں تیرا پیار پھولوں سے کہوں گا

بچھڑ کر جا رہی ہو اتنا سوچو

مری جاں کیا میں لوگوں سے کہوں گا

کہو اس سے کہ واپس لوٹ آئے

میں دکھڑا اپنا رستوں سے کہوں گا

اٹھو اٹھ کر اچھالیں تاج شاہی

پریشاں حال بندوں سے کہوں گا

چرا لائیں تری آنکھوں سے نیندیں

میں خوابیدہ نگاہوں سے کہوں گا

کنولؔ کو لا کے دفنائیں وطن میں

وصیت میں یہ بچوں سے کہوں گا