کنول ڈی۔راج کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
وقت کی موجوں سے ہر دم کھیلتا رہتا ہوں میں (غزل)
وقت کی موجوں سے ہر دم کھیلتا رہتا ہوں میں
زندگی کیا چیز ہے یہ سوچتا رہتا ہوں میں
لوٹ آتے ہیں پرندے چھو کے نیلا آسماں
اور اڑنے کے لیے پر تولتا رہتا ہوں میں
زندگی کا ذکر آتا ہے تو پانی پر کہیں
انگلیوں سے کچھ لکیریں کھینچتا رہتا ہوں میں
یہ نہ پوچھو کیا ہوں میں ہے اور کیا میری بساط
آئنہ ہوں روز بنتا ٹوٹتا رہتا ہوں میں
اس طرح کرتا ہوں خوشیوں میں اضافہ اور بھی
اپنی خوشیاں دوسروں میں بانٹتا رہتا ہوں میں
سوچتا ہوں اس لیے شاید نہیں منزل ملی
ہر کسی سے راہ منزل پوچھتا رہتا ہوں میں
جب بھی چلتی ہے کبھی دکھ درد کی آندھی کنولؔ
گیلے کپڑوں کی طرح بس سوکھتا رہتا ہوں میں
اپنوں کی زباں اور ہے غیروں کی زباں اور (غزل)
اپنوں کی زباں اور ہے غیروں کی زباں اور
پھولوں کے نشاں اور ہیں کانٹوں کے نشاں اور
ہر سمت وہی برق وہی آگ کے شعلے
آباد کہاں جا کے کریں دل کا جہاں اور
اب اور نہ غم دو کہ نکل آئیں گے آنسو
بھڑکے گی اگر آگ تو اٹھے گا دھواں اور
نکلو تو سہی گھر سے کوئی لے کے ارادہ
کام آئے گا پھر آپ کے یہ عزم جواں اور
تم دور چلے جاؤ گے جب چھوڑ کے تنہا
رہ رہ کے ستائے گا مجھے درد نہاں اور
صدمات کے اس بوجھ سے میں ٹوٹ گیا ہوں
اٹھنے کا نہیں مجھ سے یہ اب بار گراں اور
کیا سچ ہے کنولؔ جھوٹ ہے کیا کون بتائے
زخموں کے بیاں اور ہیں قاتل کا بیاں اور